لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے

لاہور (کورٹ رپورٹر)پرویزالٰہی کیس میں پیش نہ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے،عدالت نے حکم کے باوجود پیش نہ ہونے پرقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

سیشن جج اسلام آباد کو عملدرآمد کرانے کی ہدایت کر دی گئی، جسٹس مرزا وقاص روف نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کیا۔

قبل ازیں جسٹس مرزا وقاص روف نے پرویز الٰہی کو گھر بہ حفاظت نہ پہنچانے کےخلاف اہلیہ قیصرہ الٰہی کی جانب سے دائر توہین عدالت درخواست پر سماعت کی ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ،ڈی آئی جی آپریشنز پیش ہوئے،پولیس افسروں کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرا یا گیا ، اس موقع پر پرویز الٰہی کے وکیل نے جواب دیکھنے کےلئے مہلت مانگی ۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا ایس پی عمران اسلم نے معاملے کی تحقیقات کی ہیں، اسلام آباد پولیس نے پرویز الٰہی کو قانون کے مطابق گرفتار کیا،مختصر وقفے کے بعد سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو آئی جی اسلام آباد پولیس پیش ہوئے نہ ہی جواب داخل کرایا گیا ، آئی جی پنجاب کی جانب سے عدالتی کے حکم پر معاملے کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی،انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا اسلام آباد پولیس نے قانون کے تحت پرویز الٰہی کو گرفتار کیا۔

بعد ازاں عدالت نے ریمارکس دیئے مناسب نہیں لگے گا آئی جی اسلام آباد کوکسی اور طریقے سے بلائیں،اللہ نے کسی کو عزت دی ہے تو برقرار رکھےں اب چیک کرلیں آئی جی اسلام آباد کیسے آئیں گے،عدالت نے کیس کی سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔