اسلام آباد (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی و آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کو سپریم کورٹ میںچیلنج کردیا،آئینی درخواست سپریم کورٹ میں 184/3کے تحت شعیب شاہین ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی،وفاق، صدر، وزرات داخلہ، سیکرٹری قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی عدالت آرمی ،آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کالعدم قرار دے،صدر مملکت سوشل میڈیا پر وضاحت کر چکے دونوں قوانین کی منظوری نہیں دی، خفیہ اداروں کو بغیر وارنٹ کسی بھی گھر میں گھس کر تلاشی لینے کا اختیار دینا غیر آئینی ہے،درخواست میں کہا گیا آفیشل سیکرٹ ایکٹ، آرمی ترمیمی ایکٹ بنیادی انسانی حقوق سے متصادم ہیں۔
دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ پر درج مقدمات میں بریت درخواست دائر کردی ،وکیل نعیم پنجوتھا نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی و دیگر کےخلاف درج 2 مقدمات میں بریت کی درخواست جمع کرائی۔
سپرنٹنڈنٹ نے عدالت میں کہا دستاویزات، ثبوت چیئرمین پی ٹی آئی کی موجودگی میں فراہم کیے جائیں،غیر موجودگی میں فیئر ٹرائل آگے نہیں چل سکتا،وکیل نے عدالت سے استدعا کی سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیاجائے، عدالت نے نوٹس جاری کرکے دلائل طلب کرلیے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی پروڈکشن آرڈر درخواست پر سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سے جواب طلب کرتے ہوئے 16 ستمبر تک ریکارڈمانگ لیا۔
ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا سابق وزیر اعظم کو انصاف نہ دینا، درخواست ضمانت پر سماعت نہ کرنا ظلم ہے،گزشتہ روز جج ابوالحسنات ذوالقرنین ریمانڈ دینے آگئے لیکن چھٹی پر چلے گئے،نعیم پنجوتھا نے کہا سپریم کورٹ سے استدعا ہے پروڈکشن آرڈر جاری کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا جائے۔
عمران خان نے آرمی و آفیشل سیکرٹ ایکٹ میں ترامیم کو چیلنج کردیا
















