عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس اور وحدت اُمت کی علامت ہے: راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام کی اساس اور وحدت اُمت کی علامت ہے، آپ کی ذات گرامی ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے، عقیدہ ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والوں کو 7 ستمبر 1974 کو آئینی ترمیم کے ذریعے دائرہ اسلام سے خارج کرنا اس وقت کی قومی اسمبلی کااحسن اقدام تھا۔ جمعرات کو عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے 7ستمبر 1974 کو منظور ہونے والی آئینی ترمیم کو 49 سال مکمل ہونے پر اپنے پیغا م میں انہوں نے کہا کہ متفقہ آئینی ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اس وقت کے سیاسی اکابرین و علما کو جاتا ہے، اس آئینی ترمیم کے ذریعے عقیدہ ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا، ختم نبوت کا عقیدہ اسلام کی اساس اور وحدت امت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سلسلہ نبوت کی آخری کڑی ہیں اور ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہیں، آپ کے بعد کوئی بھی منصب پر فائز نہیں ہو سکتا۔