ریورس گیئر کا سلسلہ جاری، ڈالر اوپن مارکیٹ میں 307 ، انٹر بینک میں 305 روپے کا ہو گیا

اسلام آباد (مشرق نیوز) امریکی ڈالر اوپن مارکیٹ میں 307 روپے اور انٹر بینک میں 305 روپے کا ہو گیا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 5 روپے کی کمی ہو گئی جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 307 روپے پر آ گیا۔

ادھر انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 1 روپے 98 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 305 روپے کا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ اور انٹربینک میں فرق ایک فیصد سے بھی کم ہو گیا ہے۔
آئی ایم ایف نے دونوں مارکیٹوں کا فرق 1.25 فیصد تک رکھنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔

اس وقت دونوں مارکیٹوں کا فرق 0.7 فیصد پر آ گیا ہے۔ پیر کے روز دونوں مارکیٹوں کا فرق 8.2 فیصد تھا۔ ادھر اوپن مارکیٹ میں یورو 3 روپے کمی سے 332 روپے پر آ گیا، پاونڈ 9 روپے کم ہو کر 388 روپے کا ہو گیا، جبکہ سعودی ریال ڈیڑھ روپے کمی سے 81 روپے 80 پیسے کا ہو گیا۔