راولپنڈی (بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے بعض عناصر نے عوام ،فوج کے مقدم رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی جسے تحمل و سمجھداری سے ناکام بنایا،دشمن کی کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔
میجر طفیل شہید نشان حیدر کے مزار پر یوم دفاع کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا ،صدر عارف علوی ،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی جانب سے مزار پر پھول رکھے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے اپنے بیان میں کہایوم دفاع و شہدا قومی و عسکری تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، دن مسلح افواج کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، 1965کی جنگ میں مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کو جرات، پیشہ وارانہ مہارت سے ناکام بنایا، 65کی جنگ میں قومی اتحاد و یکجہتی کا عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا اسی جذبے سے دشمن کی جارحیت کو ناکام بنایا۔
آرمی چیف نے کہاپاک فوج اپنے نظم و ضبط اور اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار کی بدولت دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہے، ایمان، تقوی و جہاد فی سبیل اللہ طرہ امتیاز ہے، پاک فوج دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کےلئے ہردم تیارہے، دفاع وطن کو اپنی جان سے مقدم رکھنا پاک فوج کے ہر افسر و جوان کا عزم ہے۔
جنرل عاصم منیر نے کہاشہدا ءکی قربانیاں اور غازیوں کے کارنامے قابل تقلید مثالیں ہیں، شہدا ءکے خون سے آزادی کے چراغ روشن ہوتے ہیں، شہدا کا تقدس و احترام اہم ذمہ داری ہے، پاک فوج ،عوام کے درمیان اعتماد و یگانگت قیمتی اثاثہ ہے،حال ہی میں بعض عناصر نے عوام ،فوج کے مقدم رشتے پر وار کرنے کی مذموم کوشش کی، افواج پاکستان نے بحیثیت قومی ادارہ نہایت تحمل و سمجھ داری سے ناکام بنایا۔
آرمی چیف نے کہامسلح افواج نے جس جانفشانی سے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اس کی مثال نہیں، پاک فوج عوام کی خواہشات وامنگوں کا محور ہے، مضبوط معیشت مضبوط دفاع کےلئے ناگزیرہے، باہمی تعاون سے پاکستان اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔
دوسری جانب 6 ستمبر 1965 کو دشمن کے دانت کھٹے کرنے پر ملک بھر میں یوم دفاع وشہدا ملی جوش و جذبے کےساتھ منایا گیا،شہر شہر شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا،یادگاروں پر پھول چڑھائے گئے،مزار قائد واقبال پرگارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئیں،مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
عوام،فوج کے رشتے پر وار کی کوشش ناکام، ہر دم تیار ہیں،آرمی چیف
















