شہدا ماتھے کا جھومر ،قربانیوں کے مقروض ، قوم فوج کےساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے یوم دفاع و شہدا پر مادر وطن کےلئے جانوں کے نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے کہا شہدا ماتھے کا جھومر ہیں، شہداکی قربانیوں اور خاندانوں کے مقروض ہیں۔

یومِ دفاع و شہداپرقومی یادگار شکر پڑیاں میں پر وقار تقریب ہوئی ،نگراں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے خصوصی طورپر شرکت کی، یادگار پر حاضری دی، فاتحہ پڑھی، پھول رکھے ،اپنے خطاب میںنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہامادر وطن کے دفاع کےلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، شہادت عظیم رتبہ ہے،شہدا کو بھولے نہیں،چھوٹا سا نذرانہ شہدا، پیاروں کی تکریم ہے۔

دریں اثنا انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شعبے پرمنعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاخصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم سے آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے تمام اہداف پورے کئے جائیں گے، تمام جامعات میں بین الاقوامی معیار کی تعلیم و ہنر کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، حکومت مقامی سطح پر تیار ہائی ٹیک مصنوعات بالخصوص سمارٹ فونز کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی۔

اجلاس میں آئی ٹی شعبے کی ترقی کیلئے وزارت کے اقدامات و برآمدات بڑھانے کیلئے لائحہ عمل پیش کیا گیا،بریفنگ دی گئی وزارت آئی ٹی وفاقی سطح پر تمام سرکاری خدمات کو ڈیجٹلائز کرکے ایک چھتری تلے لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، اقدام سے حکومت کو ٹیکس وصولی نظام بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور ٹیکس چوری کی بہتر نشاندہی ہو سکے گی،معیشت کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کا ہدف بھی حاصل کر لیا جائےگا۔

وزیر اعظم نے تمام اقدامات کی پذیرائی کی اور یقین دلایا حکومت قلیل آئینی مدت میں تمام اقدامات پر ہر ممکن عملدرآمد یقینی بنائے گی جس سے معیشت کی بہتری کےساتھ شعبے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ،ملک کےلئے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے گا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا آئی ٹی برآمدات بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کریں،ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں گے۔

مزید برآںنگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ملاقات کی، گورنر سندھ نے سندھ کے انتظامی امور و امن و امان سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا،کامران ٹیسوری نے بجلی نرخوں میں کمی کی تجاویز بھی پیش کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا حکومت کراچی کے تاجروں کو درپیش تمام مسائل کا حل یقینی بنائے گی،کراچی چیمبر آف کامرس کی تجاویز پر مشاورت کے بعد جلد رپورٹ پیش کی جائے۔