تاجر برادری معیشت کی بحالی اور مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے، عارف علوی

لاہور(کامرس رپورٹر)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے تاجر برادری معیشت کی بحالی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرے،مختلف شعبوں خصوصا آئی ٹی سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، مس فریحہ یونس، شمیم اختر، میاں جبار خالد،خادم حسین، فہیم یوسف، راجہ حسان اختر، عمر داد افریدی اور شاہد خلیل بھی موجود تھے۔

عارف علوی نے تاجروں پر زور دیا وہ معذور افراد کی بحالی، چھاتی کے سرطان، ذہنی امراض میں مبتلا افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے اور بچوں کی تعلیم کیلئے اپنا کردار ادا کریں،مسائل کے حل کیلئے حکومت کےساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا مسائل پر قابو پانے کیلئے آگاہی سیشنر و سیمینارز منعقد کئے جائیں،ذہنی امراض سے نمٹنے کیلئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، گھر سے لےکر کام والی جگہوں پر ٹریننگ کا خصوصی بندوبست ہونا چاہیے۔