حرمت رسول ، تحفظ قرآن پر جانیں قربان، عوام نے آئی ایم ایف غلاموں کی پالیسیاں مسترد کردیں: سراج الحق

لاہور (نمائندہ خصوصی) اربوں مسلمان متحد ہو کر حرمت رسول اور تحفظ قرآن پر اپنی جانیں قربان کر دیں گے۔ حرمت رسول کو پورے عالم اسلام کی تحریک بنایا جائیگا۔امیر جماعت اسلامی پاکسان سراج الحق کا کوٹ رادھا کشن میں جلسہ عام سے خطاب۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران غیر مسلم قوتوں کے غلام بننے کی بجائے ایک اللہ اور اسکے رسول کے غلام بنیں۔کراچی سے خیبر تک عوام نے ہڑتال کرکے آئی ایم ایف کے غلاموں کی پالیسیوں اور سودی معیشت کو مسترد کر دیا۔عوام آئندہ انتخابات میں مہنگائی کرنے والے کرپٹ سیاستدانوں کو ووٹ کی طاقت سے شکست فاش دیں۔ ان خیالات کا اظہارجماعت اسلامی ضلع قصور کی طرف سے منعقدہ”تحفظ قرآن اور حرمت رسول کانفرنس“کے ہزاروں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کیا۔کانفرنس سے امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب سنٹرل مولانا جاوید قصوری،جے آئی یوتھ پاکستان کے صدر رسل خاں بابر،امیدوار صوبائی اسمبلی و دینی سکالر سابق امیر ضلع قصور پروفیسر راﺅ اختر علی، امیر ضلع سردار نور احمد ڈوگر،جماعت اسلامی کے مقامی رہنما اور منتظم جلسہ چوہدری ایوب خاور کمبوہ، جماعت اسلامی ضلع قصور کے قومی اسمبلی کے رہنما حاجی رمضان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔پروگرام میں خصوصی شرکت مرکزی تاجر اتحاد صدر میاں اعظم راجو، صدر کریانہ مرچنٹ افضل خاں میو، صدر موبائل مارکیٹ۔چوہدری رشید نور، صدر گولی ٹافی چوہدری نذیر کمبوہ، چوہدری ناصر کمبوہ، جلسہ گاہ میں جماعت اسلامی کے ضلع بھر کے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے امیدواران بھی موجود تھے اور سٹیج اور پنڈال کو بہت خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ سراج الحق نے کہا کہ امریکہ اور ڈنمارک اور ہندوستان میں رسول کے گستاخانہ خاکے شائع کر کے اور سویڈن اور فرانس نے قرآن پاک کی بے حرمتی کرکے اربوں مسلمانوں کی غیرت کو للکارا ہے۔ عالم اسلام کو متحد ہو کر حرمت رسول پر کٹ مرنا چاہیے اور او آئی سی کا اجلاس بلوا کر ان ممالک کا بائی کاٹ کرنا چاہیے۔ پاکستان کی ساری مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر تحریک ختم نبوت کی طرح تحریک حرمت رسول چلانی چاہیے۔ ایک قراد دار میں حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ گستاخانہ خاکے شائع کرنے والی یو ٹیوب اور فیس بک پر پابندی عائد کی جائے اور مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے والے ممالک امریکہ، ڈنمارک ہندوستان اوراسرائیل کا اقتصادی بائیکا ٹ کیا جائے، سفارتی تعلقات منقطع کئے جائیں۔سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ روز کی کراچی سے خیبر تک عوام کی ملک گیر شٹر ڈاون پہیہ جام ہڑتال سے ثابت ہو گیا ہے کہ عوام نے آئی ایم ایف کے غلام حکمرانوں کی پالیسیوں کو مسترد کر دیا ہے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے ہم انشا اللہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے اور عوام سے کیے گئے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔سراج الحق نے عوام سے وعدہ لیا کہ وہ مہنگائی کے زمہ دار پی ڈی ایم کے حکمرانوں کو آئندہ انتخابات میں ووٹ نہ دیں اور کرپشن کنگ حکمرنوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے جماعت اسلامی کی شفاف اور ایماندار قیادت کو ووٹ دیں۔