کوئٹہ:کالعدم تنظیم کے8کارندے جہنم واصل،لاہور،شیخوپورہ سے5 دہشت گرد خواتین گرفتار
کوئٹہ،لاہور،شیخوپورہ(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیم کے 8 دہشت گرد مارے گئے،ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ضلع واشک کے علاقے بسیمہ میں رات گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، سی ٹی ڈی کے عملے نے خفیہ اطلاع پر ایک مکان میں قائم دہشت گردوں کے کمپاﺅنڈ پر چھاپہ مارا،ترجمان کے مطابق اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ3 فرار ہو گئے ، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں خود کش جیکٹس اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق 4 ہلاک دہشت گردوں کی شناخت فہد علی ، جمال الدین ، عبید اللہ اور محمد یاسین کے ناموں سے کر لی گئی،دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں فورسز نے کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، دہشت گردوں کے ٹھکانے سے ایک شخص ابوبکو کو بازیاب کرا لیا گیا جسے ایک ماہ قبل اغواءکیا گیا تھا،ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک سب مشین گن، 2 نائن ایم ایم پستول، دستی بم، پرائما کارڈ اور دیگر نوعیت کا سامان بھی برآمد کر لیا گیا، دونوں کارروائیوں میں مارے گئے دہشت گرد، فورسز، شہریوں پر حملوں سمیت سنگین مقدمات میں ملوث تھے مزید برآں کاﺅنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے لاہور اور شیخوپورہ میں کامیاب کارروائیاں کرکے 5 دہشت گرد خواتین کو گرفتار کرلیا،ترجمان کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران داعش سے تعلق رکھنے والے 5 خواتین دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں آئی،بیان میں مزید کہا گیا ہے لاہور سے3 اور شیخوپورہ سے 2 خواتین کو گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں سے ممنوعہ کتابیں، موبائل فون، اسلحہ اور نقدی برآمد کی گئی ہے ۔ گرفتار دہشت گردوں سے تحقیقات جاری ہیں ۔
















