چھ ستمبر ملکی تاریخ کا یادگار دن، پوری قوم نے ملکر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا :کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965 ملکی تاریخ کا ایک ایسا یادگار دن ہے جب پوری قوم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح متحد ہوکر 6 گنا بڑے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ ملک کا بچہ بچہ دفاع وطن کیلئے ہر قربانی دینے کے لئے تیار ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ 1965 کے اس بے مثال جذبے کو دوبارہ تازہ کیاجائے تاکہ قوم پھر سے متحد ہوکر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرے اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں یوم دفاع پاکستان پر مختلف تقریبات کے انعقاد کے انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنر اکرام الحق،ڈاکٹر ذیشان حنیف، امتیاز احمد خان کھچی،ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد عمران حسن خان،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی،ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق،ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، رجسٹرار یونیورسٹی آف ساہیوال سید اصغر علی شاہ اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفیئرز ڈاکٹر وسیم طفیل،اے سی جنرل علیزہ ریحان اور سی ای او ایجوکیشن چوہدری اکرام سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس اہم قومی دن پرتجدید عہد کےلئے ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مرکزی تقریب جناح ہال میں منعقد ہوگی جس میں کمشنر ساہیوال مہمان خصوصی ہونگے جبکہ پرنسپل ڈی پی ایس برگیڈئر (ر) سید انوار الحسن کرمانی کا خصوصی خطاب ہوگا جس میں وہ جنگ ستمبر کے واقعات اور دفاع وطن میں فوج و عوام کی بے مثال قربانیوں کے بارے میں شرکاءکو آگہی دیں گے۔اسکے علاوہ یونیورسٹی آف ساہیوال اور ساہیوال میڈیکل کالج میں بھی خصوصی پروگرام منعقد ہونگے تاکہ نوجوان نسل کو پاکستان کے دفاع کے لئے دی جانےوالی بے مثال قربانیوں سے آگاہ کیا جا سکے۔دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا گرین بیلٹس کی خراب حالت کا نوٹس، پی ایچ اے اور میونسپل کارپوریشن تمام گرین بیلٹس کو بہتر کریں، شہر کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بھی اپنی اپنی بیرونی دیوار کی آرائش کی ذمہ داری لیں، کمشنر کی ہدایت۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پسپ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی پروگرام کی وجہ سے شہری مسائل کا شکار ہیں۔ انہیں بہتر ماحول فراہم کرنے کے لئے ضروری ہے کہ جن سڑکوں پر کام نہیں ہو رہا ان کی گرین بیلٹس کو بہتر کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اظہر دیوان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے آذان ہائٹس سے یونیورسٹی آف ساہیوال تک سڑک کی گرین بیلٹس کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ فرید ٹا¶ن اور ہائی سیکورٹی جیل کے سیوریج کے مسائل حل کرنے کے لئے بند لائنوں کو ٹھیک کرنے کا کام جاری ہے جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بیرون لاری اڈہ سے جمعہ کے روز39650روپے اور اندرون اڈے سے 15400روپے ٹیکس حاصل کیا گیا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے بائی پاس کے تمام پوائنٹس سے سواریاں اٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ سے بھی ٹیکس وصول کرنے کےلئے سکواڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہائی ویز اور انٹرسٹی روڈز پر لیڈیز واش رومز/ٹائلٹس قائم کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ لکھے گئے خط کے مطابق ہر فیول سٹیشن کا مالک واش روم قائم کرے گا اور صفائی کا بھی خیال رکھے گا۔ ٹائلٹس صاف رہے اور وہاں تمام سہولیات دستیاب ہونی چاہیے۔ صفائی یقینی بنانے کیلئے 24گھنٹے ایک سویپر کی ڈیوٹی لگائی جائے، ہاتھ دھونے کے صابن، ٹشو پیپر اور ڈسٹ بن رکھا جائے۔ متعلقہ یونین کونسل کا سیکرٹری یقینی بنائے گا کہ صفائی اور ضروری اشیاءدستیاب ہیں۔ کمپلینٹ بکس لگایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے گا۔ مزید یونین کونسل کے مینجمنٹ کمیٹی کے ایک ممبر کا نمبر آویزاں کیا جائیگا۔ ابتدائی طور پر واش روم استعمال کرنے کے 20روپے چارج کئے جائیں گے تاہم اسسٹنٹ کمشنر یونین کونسل مینجمنٹ کمیٹی اور مالک سے مشاورت ریٹ طے کریگا، نمایاں جگہ پر واش سہولت کے سلسلہ میں سائن بورڈ آویزاں کیا جائیگا، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرتمام میکینیزم کو سپروائز کرےگا۔