لاہور (خبرنگار) بلدیہ عظمیٰ لاہور کی ایبٹ روڈ پر واقع اربوں روپے کی قیمتی اراضی غیرقانونی طریقے سے کوڑیوں کے بھاﺅ فروخت کئے جانے کا بھانڈا پھوٹ گیا۔ 15 مرلہ 87 سکوائر فٹ اراضی کو کم و بیش 5 کروڑ روپے میں نہ صرف فروخت کیا گیا ہے بلکہ دلاور الطاف کے نام کا نقشہ منظور کر کے سرکاری نگرانی میں تعمیرات بھی کروادی گئیں۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ سابق میٹروپولیٹن آفیسر امین مغل نے سابق خاتون سٹیٹ آفیسر سدرہ ظفر اور موجودہ انفورسمنٹ انسپکٹر ماجد شیخ کے ذریعے 5۔ ایبٹ روڈ نزد اوڈین سینما کے قریب ڈیڑھ ارب روپے سے زائد قیمت کی سرکاری اراضی کو 2022 میں معمولی پیسوں کے عوض غیرقانونی طریقے سے فروخت کرکے سرکار کو سرعام للکارا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کی مذکورہ کمرشل اراضی پر پہلے قبضہ کروایا گیا پھر تھوڑے عرصہ بعد تعمیر شروع کروا دی گئی اور طے شدہ منصوبے کے تحت انفورسمنٹ انسپکٹر ماجد شیخ نے زیرتعمیر پلازے کی بیرونی دیواروں کو معمولی نقصان پہنچانے کے بعد اپنی مدعیت میں قلعہ گجر سنگھ تھانے میں ایف آئی آر کا اندراج کروادیا اور ایف آئی آر کے اندراج کیلئے جمع کرائے گئے استغاثہ میں مذکورہ انفورسمنٹ انسپکٹر نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے مقبوضہ اراضی کی اصل پیمائش 15 مرلہ 87 فٹ لکھنے کی بجائے صرف 8 مرلے لکھ کر قانون کو گمراہ کرنے کی کوشش کی تاہم بعدازاں مزید پیسوں کا تقاضا کر کے دلاور الطاف کو مالک و قابض ظاہر کر کے نقشہ منظور کردیا جس کا ریکارڈ آج بھی داتا گنج بخش زون میں موجود ہے۔ حالانکہ اس وقت کے موجودہ پٹواری نے اپنی رپورٹ میں واضح لکھا ہے کہ یہ قطعہ اراضی سرکاری ہے، اسکا نقشہ فوری طور پر کینسل کیا جائے مگر مذکورہ بالا ذمہ داران پیسوں کی ہوس میں اس قدر اندھے ہوچکے تھے کہ ہر قسم کے قانون اور ضابطے کو پیروں تلے روندتے چلے گئے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ امین مغل، سدرہ ظفر اور انفورسمنٹ انسپکٹر ماجد شیخ کا احتساب ہوگا یا ایسے ہی سرکاری اثاثوں کو فروخت کرکے ذاتی اثاثے بنانے کے مواقع فراہم کئے جاتے رہیں گے۔
بلدیہ عظمیٰ، اربوں کی زمین کوڑیوں کے بھاﺅ غیرقانونی فروخت کئے جانے کا انکشاف
















