اسلام آباد(بیورورپورٹ)جسٹس منصور علی شاہ نے نیب ترامیم کیخلاف کیس میں اختلافی نوٹ لکھ دیا،جسٹس منصور علی شاہ نے نوٹ میں لکھاپریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے فیصلے میں غیر ضروری تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے،ایکٹ درست ہونے کی صورت میں موجودہ کیس کا فیصلہ غیر مو¿ثر ہوجائے گا۔
نیب ترامیم کیخلاف کیس سننے کیلئے فل کورٹ تشکیل دینے یا پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر فیصلے تک کارروائی روکنے کی رائے دی، میرے دونوں ساتھی ججز نے رائے سے اتفاق نہیں کیا، دونوں ججز سے اختلاف کرتے ہوئے نوٹ تحریر کر رہا ہوں۔
جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا پریکٹس اینڈ پروسیجرایکٹ کے تحت آرٹیکل 184کی شق 3 کے تحت مقدمات سننے کیلئے 3 رکنی کمیٹی اور 5رکنی بنچ تشکیل دینے کا ذکر ہے، بادی النظر میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا اطلاق نیب کیس سمیت تمام زیر التوا مقدمات پر بھی ہوتا ہے اگر پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو درست قانون قرار دیا گیا تو اطلاق عدالتی فیصلے کی بجائے قانون کی منظوری سے ہوگا ،درست قرار دینے کی صورت میں موجودہ (نیب ترامیم) کیس کا فیصلہ خودبخود غیر موثر ہو جائے گا۔
جج سپریم کورٹ نے کہاپریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کا فیصلہ 3کی بجائے 8رکنی بنچ نے کرنا ہے، وفاقی حکومت کا کہنا قانون کو معطل نہیں کیا جا سکتا طے کرنا بھی 8رکنی بنچ کا کام ہے، میری نظر میں پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کو معطل کرنے کی جو وجوہات تھیں یہ فیصلہ بھی 8رکنی بنچ نے کرنا ہے، 3رکنی بنچ کسی دوسرے عدالتی بنچ کے فیصلے کا دفاع نہیں کر سکتااگر پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے فیصلے کا انتظار کریں تو کیس پر لٹکتی ہوئی تلوار ہٹ جائے گی، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کو 13 اپریل کو معطل کیا گیا، 4ماہ سے زائد وقت گزرنے کے باوجود کیس کو دوبارہ سماعت کےلئے مقرر نہیں کیا جا سکا، براہ راست عدلیہ کے امور سے متعلق قانون پر غیر ضروری تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے۔
اختلافی نوٹ میں مزید لکھانیب ترامیم کےخلاف تقریباً 50سماعتیں ہو چکیں اگر پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کا پہلے ہی فیصلہ کر دیا جاتا تو عدالت آسانی کےساتھ قانون کے مطابق اپنے امور کو جاری رکھتی، پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون پر حکم امتناع جاری کرنے کی بجائے جلد فیصلہ کر لیا جاتا تو غیر یقینی صورتحال پیدا نہ ہوتی، فوجی عدالتوں کےخلاف کیس میں بھی اسی نوعیت کی رائے دے چکا ہوں،اپنی رائے کو پھر دہراتا ہوں نیب ترامیم کیس کے فیصلے سے پہلے پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کا فیصلہ کیا جائے یا فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔
پریکٹس پروسیجر ایکٹ فیصلے میں تاخیر سمجھ سے بالاتر ہے،جسٹس منصورکااختلافی نوٹ
















