LPG دھماکہ،39روپے کلو مہنگی ،ٹرانسپورٹ ،ریل کرائے بھی بڑھ گئے

لاہور،اسلام آباد(کامرس رپورٹر،اپنے نمائندے سے،بیورورپورٹ)پٹرول کے بعد ایل پی جی دھماکہ،39روپے کلو مہنگی،ٹرانسپورٹ ،ریل کرائے بھی بڑھ گئے،گرانی24.39فیصد ریکارڈ،چینی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی۔

اوگرا نے ایل پی جی بم گراتے ہوئے قیمت میں39روپے کلو اضافے کانوٹیفکیشن جاری کردیا،نئی قیمت240روپے کلو مقرر کردی گئی،گھریلو سلنڈر 459.85روپے مہنگا ہوگیا،پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرائے بڑھا دئیے،انٹرسٹی کرایوں میں کم از کم 200روپے تک اضافہ کیا گیا، شہر میں چلنے والے رکشوں اور ویگنوں کے کرائے بھی بڑھ گئے۔

ادھر ریلوے نے ایک ماہ کے دوران دوسری بار کرائے بڑھانے کا اعلان کر دیا،ٹرینوں ، سیلونز ،پارسل اور لگیج کے کرایوںمیں 5فیصد اضافے کانوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔

دوسری جانب ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی،ایک ہفتے کے دوران مہنگائی 0.54 فیصد اضافے سے 24.39 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق چینی، گڑ، دال مسور، ماش، ایل پی جی، کپڑے، جوتوں سمیت 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، چینی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی ، کوئٹہ میں 190 روپے کلو فروخت ہونے لگی،مختلف شہروں میں چینی کی اوسط قیمت 170 روپے 50 پیسے رہی۔