بھارت سمیت دنیا بھر میں اسلاموفوبیا تشویشناک صورتحال اختیار کر گیا،پاکستان

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان نے کہاہے بھارت سمیت دنیا بھر میں اسلاموفوبیا تشویشناک صورتحال اختیار کر گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارت کی پاکستان میں دہشتگردی کی پشت پناہی پر شدید تشویش ہے،بھارت کے سکول میں استاد نے ہندو بچوں سے مسلمان بچے کو تھپڑ لگوائے، بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کےخلاف نفرت انگیز تشدد کو ہرسطح پر ہوا دی جارہی ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہاعلی گیلانی شہید کی جرات و بہادری کشمیری نوجوانوں کےلئے مشعل راہ ہے،مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل یا قراردادوں سے ہٹ کر کوئی بھی اقدام قبول نہیں، پاکستان کی پوزیشن واضح ہے، جموں وکشمیر عالمی سطح پرتسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، بھارت 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اقدامات واپس لے،یورپین یونین کے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر خدشات درست ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزیدکہاپاکستان جی20 کا رکن نہیں ابھی تمام نکات کا جائزہ لے رہے ہیں، فی الحال بات کرنا مناسب نہیں،افغان طالبان کی ذمہ داری ہے پاکستان پرحملے کے مرتکب عناصر کےخلاف کارروائی کریں اوریقینی بنائیں افغان سرزمین کسی صورت پاکستان کےخلاف استعمال نہ ہو،افغان طالبان دوطرفہ، سہ فریقی و بین الاقوامی سطح پر کیے وعدوں پر عملدرآمد کریں،یوکرین کو اسلحہ فراہمی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،روس ،یوکرین تنازع میں پاکستان مکمل طور پر غیر جانبدار ہے ،معاملے کو دونوں ممالک کے درمیان پرامن طریقے سے مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے حامی ہیں۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہانگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ 4 سے 6 ستمبر تک کینیا کا دورہ کرکے افریقی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے،نگراں وزیراعظم کے دورہ کینیا میں صحافی ارشد شریف شہید کا معاملہ بھی اٹھایا جائےگا۔