اسلام آباد (بیورورپورٹ)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے سلامتی کونسل، یو این سیکرٹری مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں،پاکستان پرامن خطہ چاہتاہے۔
اقوام متحدہ کے امن مشن کے وزارتی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کےلئے اجلاس ہوا،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اختتامی سیشن میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاکستان ،جاپان کی مشترکہ میزبانی میں ہونےوالے اجلاس میں مختلف ممالک کے مندوبین، اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام سمیت سفارتی برادری کے اراکین نے شرکت کی۔
سربراہ پاک فوج نے امن دستوں کو درپیش بڑھتے چیلنجز و خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہاعالمی امن کی بحالی میں اقوام متحدہ کا کردار لائق تحسین ہے، اقوام متحدہ جوانوں کے تحفظ و سکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے پیچیدہ خطرات سے نمٹنے کیلئے امن مشن کو مزید موثر بنائے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا پاکستان ایسا خطہ چاہتا ہے جہاں امن قائم ہو، تجارت، ٹرانزٹ ، سرمایہ کاری جنوبی، مغربی و وسطی ایشیا کی تمام ریاستوں کےلئے خوشحالی کا باعث بنے، سلامتی کونسل و سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔
انڈر سیکرٹری جنرل ڈیپارٹمنٹ آف پیس آپریشنز نے کہا کانفرنس کی میزبانی و عالمی امن کےلئے قابل قدر کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا امن کوششوں کےلئے پاکستان کی 6 دہائیوں پر محیط دیرینہ وابستگی عالمی امن و سلامتی کےلئے پاکستان کے کردار کا واضح مظہر ہے۔
سلامتی کونسل، یو این سیکرٹری مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں، آرمی چیف
















