48گھنٹے میں بجلی پر ریلیف،مایوسی مت پھیلائیں ،کوئی بحران نہیں،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے 48 گھنٹے میں بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان کردیا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہابجلی بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے،معاملہ آئی ایم ایف کےساتھ ملکر دیکھ رہے ہیں، بل تو دینا ہوگا،کیے گئے معاہدے ہر صورت پورے کریں گے،آئی پی پیز کےساتھ معاہدے کئے گئے، بجلی کی پیداوارہو یا نہ ہو کیپسٹی پیمنٹ دینا ہوگی، ایک طرف بلوں کوجلایا جارہا ہے دوسری طرف بجلی کی چوری ہورہی ہے، بجلی کی چوری و لائن لاسز اہم مسائل ہیں، آئی ایم ایف معاہدے پرعمل بھی کرنا ہے، سبسڈی دینے کا مقصد مسئلے کا حل نہیں ٹالنا ہوتا ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا توانائی شعبے میں پیداوار، ترسیل ، وصولیوں کے نظام میں نقائص ہیں، مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے، تاثر نہیں ہونا چاہئے کہ نگران حکومت کا مقصد سخت اقدامات اٹھانا ہے ایسا بیانیہ گھڑنے کی کوشش کی جارہی پاکستان شاید کلیپس کرنے لگا ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہاآئی ایم ایف کو بجلی بلز کے معاملے میں تجاویز دےدیںخود کچھ نہیں کہوں گا کیا کررہے ہیں، مہنگائی اتنا بڑا مسئلہ نہیں کہ پہیہ جام ہڑتال کی جائے،جھوٹے وعدے کریں گے نہ اپنی ذمہ داریوں سے ہٹیں گے، مسائل پیدا کرنے والے اب حل بتارہے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاحالات مشکل ہیں لیکن ملک میں کوئی بحران نہیں،معاشی وسکیورٹی مسائل ہیں،48 گھنٹے میں بجلی بلوں پرریلیف کا اعلان کریں گے،90کی دہائی میں لوڈشیڈنگ بڑا مسئلہ تھا، منگلاوتربیلاکے بعد کوئی بڑا پراجیکٹ نہیں کرپائے،مسئلے کے حل کیلئے آئی پی پیزسے معاہدے کیے،بجلی بحران کی وجہ لائن لاسز،چوری اورآئی پی پیزکے معاہدے ہیں ، بلوں پرایسا نہیں چند ظالم حکمران عوام کاخون چوس کرچھوڑیں گے۔

نگران وزیراعظم نے کہافوج ایک بھی مفت یونٹ استعمال نہیں کررہی ،فوج،نیوی اورایئرفورس اپنے بجٹ سے بجلی استعمال کرتے ہیں،صرف واپڈا ملازمین فری بجلی استعمال کررہے ہیں،پاور سیکٹر کو سمجھنے کی کوشش کی اوربجلی بلوں میں اضافے کے مسئلے پرغورکیا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاایس آئی ایف سی میں شامل 4سے5ایریازمیں بہت زیادہ صلاحیت ہے،آئی ٹی،معدنیات،زراعت و دفاعی پیداوار اہم ایریاز ہیں،کوئی دہشتگرد ملک کی کسی یوسی کوبھی ٹیک آورنہیں کرسکتا،سیاسی عدم استحکام بھی بڑامسئلہ ہے،ملک میں عام انتخابات وقت پر ہوں گے،تمام سیاسی جماعتیں الیکشن موڈ میں ہیں، حکومت کاکام الیکشن کمیشن کی معاونت کرنا ہے،الیکشن کمیشن جوکہے گافراہم کریں گے،کوشش ہے شفاف الیکشن کرواکرعزت سے رخصت ہوکرچلے جائیں،انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن نے دینی ہے،سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی احترام کریں گے،الیکشن کرانے کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

نگران وزیراعظم نے کہادہشتگردی، حساس معاملات کو مدنظر رکھ کر نادرا قوانین میں ترامیم کی گئیں،نادرا کا چیئرمین فوجی لگانے کی وجہ بھی یہی حساس معاملات ہیں، نادرا چیئرمین کے فرائض کےلئے سپیشلائزڈ پروفیشنل کی ضرورت ہے،سوچی سمجھی پلاننگ کے تحت بے یقینی ومایوسی پھیلائی جارہی ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہاپاکستان میں ایماندار لوگوں کو چوری کرنے والوں کے پیسے دینے پڑتے ہیں،حکومت میں پروفیشنل کو یکجا کیا، صحافیوں سے ملاقات کا مقصد معاشی صورتحال پرنکتہ نظربیان کرنا ہے،لاپتہ افراد کا معاملہ سنجیدہ ہے، اکنامک و سکیورٹی چیلنجز بھی ہیں اگر تشخیص درست ہو تو مریض ریکور کرجاتا ہے اگر تشخیص درست نہ ہو تو علاج سود مند نہیں ہوتا، عوامی مسائل کا ادراک ہے، ٹوئٹر پر کسی نے میرا نمبرشیئر کر دیا، 10ہزارمیسج آچکے۔

نگران وزیراعظم نے مزید کہامایوسی پھیلانا درست نہیں، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے، ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کےساتھ سختی سے نمٹا جائےگا،وزرا ءکو کرنےوالے کاموں کا ٹارگٹ دےدیا جو کام نہیں کرسکتے ان کا بتائیں گے کیوں نہیں کرسکتے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا آنکھیں بند کر کے مسائل سے توجہ ہٹا سکتے ہیں نہ خطے کی صورتحال سے لاتعلق رہ سکتے ہیں، بدقسمتی سے افغانستان سے ذمہ دارانہ انخلا نہیں ہوا، افغان صورتحال سے غیر ریاستی عناصر نے فائدہ اٹھایا۔

نگران وزیراعظم نے کہابجلی کے مفت یونٹس دینے کے مسئلے کا حقائق کی بنیاد پرجائزہ لیا ، عوام کو ریلیف دینے کےلئے اقدامات زیرغور ہیں،آئی ایم ایف کےساتھ بات چیت چل رہی ہے،منتخب حکومت کو اقتدار کی پرامن منتقلی کےلئے پرعزم ہیں، خصوصی سرمایہ کار کونسل کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے، سرمایہ کاری کےلئے اہم ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرلی ، آئی ٹی زراعت، کان کنی و دفاعی پیداوار کے شعبوں میں منصوبے آگے بڑھائیں گے۔

دوسری جانب وزارت خزانہ نے 400 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف دینے کےلئے ہنگامی پلان تیار کرکے آئی ایم ایف کےساتھ شیئر کردیا۔

ذرائع کے مطابق پلان کے تحت بجلی کے بنیادی یونٹ کو مرحلہ وار بڑھانے جبکہ بلوں کی ادائیگیوں میں سہولت دینے کی تجویز بھی آئی ایم ایف کو فراہم کر دی گئی، مجوزہ پلان کے تحت ہر صارف کو بجلی کے بل قسطوں میں ادا کرنے کی سہولت دینے کی تجویز ہے، آئی ایم ایف نے رضامندی ظاہر کی تو 2ماہ کےلئے معاہدہ ہو سکتا ہے،ذرائع کے مطابق بجلی کی چوری روک کر 250 ارب ریلیف کےلئے رقم جمع کی جائے گی، اگست و ستمبر کے بلوں کو اقساط میں لینے کےلئے وزارت خزانہ تحریری گارنٹی دے گی۔

ادھر واپڈا ،وزارت آبی وسائل نے بجلی ملازمین کوفری یونٹس کی سہولت ختم کرنے کی مخالفت کردی، ذرائع کے مطابق وزارت آبی وسائل نے موقف اختیار کیا فری یونٹس ختم کرنے سے کوئی بچت نہیں ہوگی ،نیپرا نے فری یونٹس کی بجائے یوٹیلیٹی الاونس دینے کی تجویز دیدی۔