پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ پرنٹرز و پبلشرز کو فوری ادائیگیاں یقینی بنائے :کاشف انور

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے وزیراعلی پنجاب محسن نقوی ، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعلیم اور سیکرٹری سکولز پر زور دیا ہے کہ وہ پنجاب نصاب و ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے پرنٹرز و پبلشرز کو ساڑھے 5 ارب روپے کی ادائیگیاں نہ کرنے کا نوٹس لیں کیونکہ اس کی وجہ سے یہ سیکٹر شدید مالی بحران سے دوچار ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خالد پرویز کی سربراہی میں پرنٹرز و پبلشرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود ، سیکریٹری اطلاعات آل پاکستان انجمن تاجران ذکریا بٹ اور چیئرمین آل پاکستان پرنٹرز ایسوسی ایسوسی ایشن سید مکرم عباس ، سابق صدر محمد علی میاں اور سابق نائب صدر فہیم الرحمن سہگل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے بتایا کہ پنجاب نصاب و ٹیکسٹ بک بورڈ نے سرکاری سکولوں میں طلباءکو مفت نصابی کتابوں کی فراہمی کیلئے 15 ارب روپے مالیت کا ایک ٹینڈر جاری کیا تھا جس کے نتیجے میں پرنٹرز نے ایک کروڑ 17 لاکھ بچوں کیلئے درسی کتب پرنٹ کیں ، تاہم اس پرنٹنگ کی مد میں ساڑھے پانچ ارب روپے کی ادائیگی اب بھی بقایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کاغذ کی قیمت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اور اگر پنجاب نصاب و ٹیکسٹ بک بورڈ پرنٹرز اور پبلشرز کو بقیہ ساڑھے پانچ ارب روپے کی ادائیگی نہیں کرتا تو اگلے تعلیمی سال کیلئے درسی کتب پرنٹ نہیں ہوپائیں گی اور لاکھوں طلباءمفت ان سے محروم رہ جائیں گے جس سے ان کا تعلیمی کیریئر داﺅ پر لگ جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اس صورتحال کا نوٹس لے اور پرنٹرز و پبلشرز کے بقایا جات ادا کرنے کا حکم صادر کرے کیونکہ پیسے ہوتے ہیں تو ہی ٹینڈر جاری کیا جاتا ہے۔ ٹینڈر کی شرائط کے مطابق پرنٹرز اور پبلشرز کو ادائیگی کی جائے بصورت دیگر وہ شدید احتجاج پر مجبو ر ہونگے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، چیف سیکریٹری، سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری سکولز پر زور دیا کہ موجودہ کاروباری اور معاشی حالات کے پیش نظر وہ پرنٹرز اور پبلشرز کو ساڑھے پانچ ارب روپے کی ادائیگیاں کروانے کیلئے فوری کردار ادا کریںکیونکہ یہ شعبہ شدید مالی بحران سے دوچا رہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کا تعلیم سے محروم رہنا بہت بڑا المیہ ہوگا اور اس سے مہنگائی، بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور معاشی حالات مزید خراب ہونگے۔