شوگر مافیا کی شاطرانہ چال،زائدچینی برآمد کر کے مہنگی درآمدکرنے کی اجازت لے لی

اسلام آباد،لاہور(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)شوگر مافیا کی شاطرانہ چال،زائدچینی برآمد کر کے مہنگی درآمدکرنے کی اجازت لے لی۔

ذرائع کے مطابق چینی مافیا نے ملک میں موجود سستی چینی کو ضرورت سے زیادہ قرار دلوا کر حکومتی اجازت کے تحت زیادہ چینی برآمد کرکے ڈالروں میں منافع کمانے کے بعد چینی کے ذخائر کم ہونے پر اب ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے مہنگی چینی درآمدکرنے کی اجازت بھی حاصل کرلی۔

وفاقی حکومت نے 220 روپے کلو کے حساب سے 10 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی اجازت دےدی،صارف بھی مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہوجائیں گے جبکہ شوگر مل مالکان کی منافع خوری کا بوجھ حکومتی خزانے و صارف کی جیب پر پڑے گا،ذرائع کے مطابق شوگر مل مالکان سے کوئی انکوائری کی گئی نہ کوئی پوچھ گچھ ہوئی۔

ادھر محکمہ خوراک پنجاب کے ترجمان نے چینی بحران کا امکان رد کرتے ہوئے کہا ضرورت پوری کرنے کیلئے چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں،آنیوالے دنوں میں بحران کا کوئی شدید خدشہ نہیں نہ ہی شہری چینی 220روپے میں خریدنے پر مجبور ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن نے برازیل میں پاکستانی کمرشل اتاشی کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کیلئے خط لکھ دیا،ذرائع محکمہ خوراک کے مطابق امپورٹڈ چینی 220 روپے کلو کے حساب سے پاکستان میں منگوائی جا رہی ہے،محکمہ خوراک کو سرپلس چینی کے ذخائر استعمال کرنا پڑیں گے۔