ریلوے انتظامیہ کی نا اہلی، سہولیات فراہمی کے دعوے بے بنیاد، مسافروں کو مسائل کا سامنا

لاہور(اپنے نمائندے سے)ریلوے انتظامیہ کی نا اہلی، مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کے کاغذی دعوے، لاہور سے مختلف شہروں کو روانہ اور آنے والی ٹرینوں کے اوقات کار میں بہتری نہ آسکی، مسافروں کو مسائل کاسامنا، لاہور ڈویژن نے ٹرینوں کی تاخیر کا دیگر ڈویژنز پر ملبہ ڈال دیا، ریلویز معذرت کی منصوبہ بندی سے کام چلانے لگی ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کو تباہی اور مالی مسائل میں ڈالنے کی خاطر انتظامیہ نے منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سمیت پاکستان بھر میں دیگر شہروں میں جانیوالی مسافر ٹرینوں کی روانگی اور آمد کے اوقات کار میں گھنٹوں تاخیر کے مسئلہ کو عملی طور پر حل کرنے کی منصوبہ بندی کا فقدان دکھائی دے رہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو مقررہ منزل پر بروقت پہنچانے میں ریلویز انتظامیہ مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اسکے علاوہ مسافر ٹرینوں میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور کھانے کی اشیاءکا معیار اور مقرر کردہ نرخ نامہ کی بجائے ٹھیکیدار کی جانب سے من مرضی کی قیمتوں کی وصولی اور آئے روز ٹرین حادثات کی وجہ سے شہریوں کا رجحان کم ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ریلویز تباہی کے سفر پر گامزن ہے اور مالی مسائل میں مبتلا ہو چکا ہے۔ لاہور ڈویژن کی جانب سے ٹرینوں کی تاخیر کا معاملہ دیگر ڈویژنز پر ڈالا جا رہا ہے جس میں گزشتہ روز کراچی سے لیٹ آکر قراقرم لاہور سے کراچی کیلئے تاخیر سے روانہ ہو ئی قراقرم 42-ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر 3 بجے کی بجائے شام 5 بجکر 45 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی اسی طرح چند روز قبل قراقرم 42ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر 3 بجے کی بجائے سہ پہر 4 بجکر 15 منٹ پر لاہور سے روانہ کی گئی تھی۔ کراچی ایکسپریس 16ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے شام 5 بجے کی بجائے شام 7 بجے لاہور سے روانہ ہوئی چند روز قبل جمعہ کو کراچی ایکسپریس 16ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے شام 5 بجے کی بجائے شام 7 بجے لاہور سے روانہ کی گئی تھی بزنس ایکسپریس 34ڈاون لاہور سے کراچی کیلئے سہ پہر 4 بجے کی بجائے 4 بجکر 30 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی اسی طرح دیگر مسافر ٹرینوں کی آمد اور روانگی میں تین سے چار گھنٹے کی تاخیر کا سامنا رہا جس سے مسافروں کو مسائل کا سامنا رہا۔ اسکے علاوہ لاہور ڈویژن انتظامیہ کے مطابق باقی تمام ٹرینیں اپنے مقررہ اوقات کار کے مطابق رواں دواں ہیں۔ لاہورڈی ایس ریلوے حنیف گل کی ہدایت پر مسافروں کی سہولت کے پیش نظر پسنجر فسیلی ٹیشن عملہ ہمہ وقت سٹیشن پر موجود رہےگا۔ ریلویز انتظامیہ کا مسافروں کو ٹرینوں کے اوقات کار میں تاخیر پر معذرت کی منصوبہ بندی اختیار کر رکھی ہے اور مسافروں کو مزید معلومات اور اپڈیٹ کیلئے ریلوے انکوائری نمبر 117-042 پر رابطہ قائم کرنے کی تلقین کی جارہی ہے ۔