ظالمانہ مہنگائی ناقابل برداشت، حکمران عوام دشمنی سے باز آجائیں:علامہ زبیر احمد ظہیر

لاہور (نمائندہ خصوصی) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ ظالمانہ مہنگائی عوام کی برداشت سے باہر ہوچکی ہے۔ بجلی پر بے رحمانہ بھاری ٹیکس ادا کرنے کی لوگوں میں سکت ہی نہیں تو وہ کیسے ادا کرینگے۔ وہ جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ لاہور میں ہوشربا اور کمر توڑ مہنگائی پر مرکزی مجلس عاملہ کے ایک ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں خصوصی طور پر مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر عدنان فیصل، پنجاب کے صدر میاں اصغر، مولانا ضیاءالرحمن فاروقی اور علامہ شاہد سلیم نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حکمران عوام دشمنی سے باز آجائیں۔ انکے خوبصورت بیانات اور طفل تسلیوں سے قوم کی مشکلات ختم نہیں ہوسکتی۔ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہوچکا ہے۔ نگران حکمران نوشتہ دیوار پڑھے اور پی ڈی ایم کے نقش قدم پر چل کر عوام دشمنی کرنے کی بجائے فوری طور پر مہنگائی ختم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ اگر حکومت نے بجلی کے بلوں میں تمام اداروں، ججوں جرنیلوں، افسر شاہی، واپڈا ملازمین اور پارلیمنٹیرین کو مفت بجلی دینا بند نہ کی گئی، اسی طرح بجلی چوری جو واپڈا کی ملی بھگت اور سہولت کے بغیر ممکن ہی نہیں، اگر عوام کے یہ جائز اور مبنی برحق مطالبات تسلیم نہ کئے تو پھر حالات کی تمام ذمہ داری حکمرانوں اور افسر شاہی پر ہوگی۔