عوامی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہونی چاہئے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے کہا ہے کہ عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی اور ان کی مشکلات کا خاتمہ انتظامیہ کی ترجیح ہونی چاہیے اور تینوں اضلاع کے انتظامی افسران عوام کے مسائل کے حل کیلئے پروایکٹو کردار ادا کریں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں ہونے والے ایک خصوصی اجلاس میں کہی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات پر عملددرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اکرام الحق، ڈاکٹر ذیشان حنیف اور امتیاز احمد خان کھچی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ یاسر فرید،اسسٹنٹ کمشنر جنرل علیزہ ریحان، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور کنسالیڈیشن آفیسر رانا محمد ارشد خان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ڈویژن کے تمام بڑے شہروں میں تجاوزات کے خلاف خصوصی مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مارکیٹوں سے تمام عارضی اور مستقل تجاوزات ختم کریں تاہم اس کاروائی سے ریڑھی والوں کا روزگار متاثر نہ ہو۔ انہوں نے تمام تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں روزانہ صفائی کو یقینی بنانے، تمام ایئرکنڈیشنر چالو رکھنے اور ڈاکٹروں و پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری چیک کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خصوصی توجہ ہسپتالوں کی ظاہری حالت کی بہتری پر ہے جس پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ انہوں نے شہروں کے تمام پارکوں کی صفائی، جھاڑیوں کی کٹائی اور سروسز کی فراہمی اور بین الاضلاعی سڑکوں پر قائم تمام پٹرول پمپس پر واش رومز کو بھی صاف رکھنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری دفاتر میں موجود کنڈم گاڑیوں، خراب فرنیچر، ردی اور سوکھے درختوں کی نیلامی کے عمل کو بھی شروع کریں اور دفاتر کی صفائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے وال چاکنگ کے خلاف کاروائی کرنے اور انہیں مٹانے کی بھی خصوصی ہدایت کی۔ کمشنر نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں قائم گائنی وارڈز کی خصوصی نگرانی کرنے اور سیکورٹی موثر بنانے کی ہدایت کی تاکہ نوزائیدہ بچوں کے اغوا کے واقعات کو روکا جا سکے۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر شہر میں سیوریج پائپ ڈالنے کے کام میں تیزی آگئی ہے اور پچھلے ہفتے مڈھالی روڈ پر72 سیوریج پائپ، فرید ٹا¶ن میں 25اور پاک پتن روڈ پر 64 سیوریج پائپ ڈالے گئے جہاں بالترتیب 71 فی صد، 55فی صد اور 40فی صد کام مکمل ہو گیاہے۔ یہ بات پسپ پروگرام کے سٹی منیجر اسجد خان نے کمشنر آفس میں منعقدہ میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کی۔ اجلاس میں ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹرشاہ ذیب، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد اور پسپ پروگرام کے سٹی مینجر محمد اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کمشنر نے دونوں اہم سڑکوں پر کام کو مزید تیز کرنے اور اسے ٹائم لائن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں اہم سڑکوں پر پائپ ڈالنے کے بعد سڑک کی بحالی پر بھی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔ سٹی منیجر اسجد خان نے بتایا کہ مڈھالی روڈ پر سیوریج پائپ بچھانے کا کام ستمبر کے وسط تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پاک پتن روڈ پر کام اکتوبر میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے کے تحت کنکشن فراہم کرنے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے اور 42240کنکشنز کے ہدف کے مقابلے میں اب تک31258کنکشن فراہم کئے جا چکے ہیں جس میں یونین کونسل نمبر6میں 692کنکشن صرف پچھلے ایک ہفتے میں لگائے گئے۔علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا دریائے راوی کا تفصیلی دورہ، داد بلوچ، کرم بلوچ اور شہامد بلوچ کے مقامات پر کٹا¶ کا جائزہ لیا، علاقہ مکینوں سے ملاقات کی اور انہیں انتظامیہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے دریائے راوی کے دورے کے دوران کنارے آباد دیہات داد بلوچ، کرم بلوچ اور شہامد بلوچ کا دورہ کیا اور زمینی کٹا¶ کا جائزہ لیا۔ ایکسیئن اریگیشن عمر ابرار شیخ نے کٹا¶ سے بچا¶ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے علاقہ مکینوں سے بھی ملاقات کی اور انہیں انتظامیہ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریا¶ں کے قریب بسنے والے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے اور انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے محکمہ اریگیشن کو داد بلوچ کے مقام پر مزید حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی تاکہ سیلاب کی صورت میں علاقہ کو سیلاب سے محفوظ رکھا جا سکے۔بعدازاں کمشنر شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ، مشن چوک اور علامہ اقبال روڈ کا دورہ کیا اور جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام جگہوں پر جاری کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کی کوالٹی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے جاری کام کی سائٹس پر حفاظتی اقدامات کئے جانے کے حوالے سے بھی ہدایت جاری کیں۔ پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان اس موقع پر انکے ہمراہ تھے۔