پاکستان کا امریکہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے: نگران وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہارورڈ یونیورسٹی کے طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا امریکہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملکوں میں مختلف امور پر اتفاق اور اختلاف بھی رہتا ہے، ہم منفی توانائیوں پر یقین نہیں رکھتے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تباہی سے زیادہ متاثر ہوا ہے، پاکستان میں مسئلہ زیادہ اخراجات اور کم وسائل ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوری عمل تسلسل سے جاری ہے، گزشتہ 15 سالوں میں 3 اسمبلیوں نے اپنی مدت پوری کی، حکومت کی تبدیلی آئینی طریقے سے عمل میں آئی، جمہوری عمل کا ارتقا ہو رہا ہے، حکومت تبدیلی کا آئینی طریقہ موجود ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوریت ہی پارلیمنٹ کی مضبوطی کی ضامن ہے، پاکستان کےعوام میں بحرانوں سے نکلنے کی صلاحیت ہے، پاکستانی ڈاکٹرز اپنی مہارت کی وجہ سے دنیا میں جانے جاتے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ ملکر پاکستان نے طویل جنگ لڑی ہے، ہم نے مل کرعالمی امن کیلئے بہت اہم کردارادا کیا ہے۔