اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے نگراں وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کیلئے دائر نیب اپیل واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔ سپریم کورٹ میں احد چیمہ کی ضمانت منسوخی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ احد چیمہ کے کیس کی ازسرنو تحقیقات کی گئیں، دوبارہ تحقیقات میں نتیجہ نکلا کہ احد چیمہ پر نیب کا کیس بنتا ہی نہیں۔ نیب پراسیکیوٹر کے بیان پر سپریم کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ احد چیمہ تین سال جیل میں رہے اب نیب کہتا ہے کیس ہی نہیں بنتا، احد چیمہ کے جیل میں گزارے تین سال کا مداوا کون کرے گا؟ نیب رویے کی وجہ سے برگیڈیر اسد منیر نے خود کشی کر لی، اسد منیر انتقال کے بعد عدالت سے بری ہوگئے، نیب ایماندار لوگوں کیساتھ اس قسم کا رویہ کیوں رکھتا ہے؟ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس میں کہا کہ میرے ایک دوست کو نیب نے بطور گواہ بلایا اور 5 گھنٹے بٹھائے رکھا، چارٹرڈ اکاو¿نٹنٹ کو پانچ گھنٹے بٹھائے رکھنے کے بعد کہا گیا بعد میں آنا۔
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ احتساب بیورو سیاسی انجینئرنگ کیلئے پرویز مشرف نے بنایا تھا جسے نیب خود ثابت کر رہا ہے، جو کچھ نیب کرتا رہا ہے اس کی ذمہ داری کسی پر تو ڈالنی ہوگی۔ جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ نیب میں پراسیکیوٹر رہا ہوں اسلئے سسٹم سے اچھی طرح واقف ہوں، نیب میں بلیو، ییلو اور ڈارک روم بنائے گئے ہیں جن کا مقصد صرف سیاست ہے۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ نیب قانون کا مذموم مقاصد کیلئے استعمال بند ہونا چاہیے، نیب قانون کو بے رحمی سے استعمال کیا گیا، نیب کو آلہ کار کے طور پر مخصوص افراد کے خلاف استعمال کیا گیا۔
نیب کو بطور آلہ کار مخصوص افراد کیخلاف بے رحمی سے استعمال کیا گیا: سپریم کورٹ
















