اسلام آباد (بیورورپورٹ)نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے ججز کا کام صحافیوں سے مختلف نہیں ، صحافیوں ،ججز سمیت ہر انسان کےلئے یہی پیغام ہے جھوٹ بولنا چھوڑ دیں۔
پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کابینہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا آئین کے مطابق معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ذمہ دارانہ صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے، میڈیا کا بنیادی کام درست معلومات لوگوں تک پہنچانا ہے،صحافی اس لیے معلومات اکٹھی کرتے ہیں تاکہ آگے لوگوں تک پہنچا سکیں، کچھ اچھی باتیں سامنے آتی ہیں اور کچھ بری، بری باتیں سامنے آنے کا فائدہ ہوتا ہے آئندہ کےلئے باتیں رک جاتی ہیں، اچھی باتیں سامنے آتی ہیں تو دوسروں کو اچھائی کی جانب بڑھنے کےلئے راغب کرتی ہیں۔
نامزد چیف جسٹس نے کہاججز کا کام صحافیوں سے مختلف نہیں ،دونوں سچ کی تلاش میں نکلتے ہیں، جج آئین و قانون کے دائرہ کے تحت چلتا ہے، انصاف کے حوالے سے لوگوں کی مختلف رائے ہوتی ہے لیکن سچ سچ ہی رہتا ہے، رائے سے اختلاف کیا جا سکتا ہے سچ سے نہیں۔
قاضی فائز عیسیٰ نے کہا صرف کیمرہ اٹھا لینے سے یا ٹی وی پر آجانے سے کوئی صحافی نہیں بن جاتا، صحافی وہ ہوتا ہے جو تحقیق کرے،صحافیوں ،ججز سمیت ہر انسان کےلئے یہی پیغام ہے جھوٹ بولنا چھوڑ دیں، ہر موقع پر صرف سچ بولیں،جھوٹ بولنا بڑا مشکل کام ہے اگر آپ جھوٹ بولتے ہیں تو آپ کو یاد رکھنا پڑتا ہے آپ نے کس سے کیا بولا تھا، سچ بولنا کوئی مشکل کام نہیں کیونکہ سچ بول کر یاد نہیں رکھنا پڑتا،تمام قوانین کا مقصد سچ سامنے لانا ہی ہے اور انصاف سچ کی بنیاد پر ہی ہوتا ہے،نامزد چیف جسٹس نے کہافیصلہ آنے پر کوئی بھی فریق کہہ سکتا ہے ٹھیک نہیں ہوا، خبر اور رائے میں فرق ضروری ہے۔
صحافیوں، ججز سمیت سب کیلئے پیغام ہے جھوٹ بولنا چھوڑدیں، جسٹس قاضی فائز
















