کراچی (مشرق نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے حملوں سے خوف یا تھکاوٹ کا شکار نہیں، جن کو غلط فہمی ہے وہ دور کر لیں،ہتھیار نہیں ڈالیں گے،مقابلہ کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کل ہی وزیرستان میں ہمارے 10جوان شہید ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگیں صرف کچھ افراد نہیں لڑتے، دہشتگردی کے خلاف جنگیں پوری قوم لڑتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کے سامنے کسی صورت سرنڈر نہیں کریں گے، خارجیوں کیلئے کھلا پیغام ہے ان میں لمبے عرصے تک لڑائی کی سکت نہیں، ہم نہ اپنے شہدا کی قربانی بھولیں گے نہ آئندہ قربانی سے گریز کریں گے۔ ان کاکہنا تھا کہ دہشت گرد غلط سمجھ رہے ہیں ان کا واسطہ کس سے پڑا ہے، یہ گمراہ تھے، یہ گمراہ ہیں، معصوم جانیں لینا کسی طور جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہم کسی خیرات پر لڑائی نہیں لڑ رہے، ہمارے مجاہدوں کی جو گولیاں چل رہی ہیں وہ آپکا پیسہ ہے ، مسلح افواج کی قربانیوں کا صلہ ان کی عزت اور تکریم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے اسے اپنے انداز سے چلائیں گے۔ انوارالحق کاکڑ کاکہنا تھا کہ بٹگرام میں مقامی لوگوں، ضلعی انتظامیہ اور فوج نے مل کر مشترکہ کوششیں کیں ، چیئر لفٹ میں پھنسے بچوں کو بچانے کے واقعے کی خوشی منائیں گے، سکول کے بچوں نے جس ہمت کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔
قبل ازیں نگران وزیراعظم نے معروف کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بے روزگاری، مہنگائی اورخوراک کی کمی کا سامنا ہے ، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں تاجر برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔
دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

















