اسلام آباد (بیورو رپورٹ) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشر ف نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی سے متاثر ہونے والے ممالک میں سرفہرست ہے ، دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کا دنیا کے بیشتر ممالک کو سامنا ہے، دہشت گردی کے ناسور سے متاثر ہونے والوں کی بحالی اور امداد کیلئے عالمی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں۔ پیر کو دہشت گردی سے متاثر ہونے والوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور دنیا کے بیشتر ممالک جن میں پاکستان بھی شامل ہے ،کو دہشت گردی کا سامنا ہے، پاکستان دہشت گردی سے متاثر ہونے والے ممالک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 80ہزار سے زائد معصوم شہری اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار دہشت گردوں کی کارروائیوں میں شہید ہوئے ،پاکستان میں ہزاروں خاندان دہشت گردی کی وجہ سے بے گھر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے عوام کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج نے پاکستان سمیت دنیا بھر کو دہشت گردی سے محفوظ بنانے کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ، آج کا دن دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کی قربانیوں اور اس ناسور سے متاثر ہونے والے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور سے متاثر ہونے والوں کی بحالی اورمدد کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان دہشت گردی سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہے : راجہ پرویز اشرف

















