ایل او سی پر بھارتی جارحیت،شہری شہید،کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینگے،پاک فوج

راولپنڈی (بیورورپورٹ)لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت،بزرگ شہری شہید، 3 خواتین زخمی ہوگئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ،گاوں اولی ضلع کوٹلی کے رہائشی 60 سالہ غیاث نامی بزرگ شہری شہید اور گھاس کاٹنے والی 3 خواتین زخمی ہوگئیں جبکہ گاﺅں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

بیان میں آئی ایس پی آر نے کہا بھارتی جارحیت موجودہ سیز فائر معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،سرحدوں پر امن و سکون کے خواہاں ہیں،اپنے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کےلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

پاک فوج کے اعلامیے میں مزید کہا گیا بھارت کو پاکستانی عوام کےخلاف کسی بھی مہم جوئی کا اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دیا جائے گا،پاکستان امن کی خواہش کے باوجود اپنے شہریوں کے تحفظ کےلئے ہر کارروائی کرے گا۔