عدالت کئی معاملات میں الجھی ، معاشی مسائل میں نہ پھنسائیں،سپریم کورٹ

اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دئیے ہیں ملک کو ابتر معاشی صورتحال کا سامنا ہے ،عدالت کئی معاملات میں الجھی ہے، معاشی مسائل میں نہ الجھائیں۔

سپریم کورٹ کے 2رکنی بنچ نے آئینی حد سے زائد قرض لینے کے کیس پر سماعت کی ،دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا سال 2020 میں ملک میں بےحد قرض لینے پر آئینی درخواست دائرکی، فریق حفیظ شیخ ،رضا باقر تو بھاگ چکے ، حکومتوں نے حد سے زیادہ قرضے لےکر آئینی خلاف ورزی کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا آپ کا کیس ہے ڈیٹ لمیٹیشن ایکٹ2005 پرعملدرآمد نہیں کیا گیا؟۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہاآپ کو ایکٹ پر عملدرآمد کےلئے ہائیکورٹ جانا چاہیے، ملک شدید معاشی مشکلات سے دوچار ہے،چیف جسٹس نے وکیل درخواست گزارسے مکالمہ کیا آپ کے اٹھائے گئے نکتے میں وزن ہے، آخر اتنا قرض کیوں لیا گیا؟ سٹیٹ بینک کی ویب سائٹ پردیکھیں 1947 سے آج تک سالانہ کتنے قرض لیے گئے، ملک کو ابتر معاشی صورتحال کا سامنا ہے، بہتر وقت نہیں عدالت اس قسم کی درخواست کو سنے،جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے آپ نے جو تجاویز دینی ہیں وفاقی حکومت کو دیں، سپریم کورٹ کو معاشی مسائل میں مت الجھائیں، عدالت پہلے ہی بہت سے معاملات میں الجھی رہی ہے، وفاقی حکومت ہی معیشت کے معاملات دیکھنے کا متعلقہ فورم ہے۔

چیف جسٹس نے کہا درخواست گزار ڈاکٹر زبیرکوکہیں معاشی معاملات پر اخبار میں لکھ کرعوام کوشعور دیں،عدالت نے وکیل کو درخواست گزار ڈاکٹر زبیر سے ہدایات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔