دریائے ستلج گنڈا سنگھ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب،متعدد اضلاع کو خطرہ

قصور،بہاولنگر،اوکاڑہ(بیورورپورٹ)دریائے ستلج گنڈا سنگھ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب،متعدد اضلاع کو خطرہ،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں انتہائی اونچے درجے جبکہ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 21اگست صبح 6بجے سے بہت زیادہ سیلاب کی سطح تک پہنچنے کا امکان ہے، اسلام کے مقام پر دریائے ستلج میں 22اگست کو صبح 6بجے سے اونچے درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر، پاکپتن اور وہاڑی کے اضلاع کو خطرہ ہے،این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے دریائے ستلج پر جی ایس والا، سلیمانکی اور اسلام کے نشیبی علاقوں کی آبادی کو بروقت پیشگی انتباہ کرے اور خطرے سے دوچار افراد کے انخلا کو یقینی بنائے،نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مزید کہا کیمپوں میں بے گھر لوگوں کو طبی دیکھ بھال اور امدادی اشیا کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، حساس علاقوں کی جانب سے ٹریفک کی منظم نگرانی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے مشینری تیار رکھی جائے۔