اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں مزید بہتری آئےگی۔ نگران وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت حج انتظامات ڈی بریفنگ سیشن ہوا جس میں وزیر مذہبی امور نے کہاکہ گزشتہ حج انتظامات کا بغور جائزہ لیکر مزید بہتری لائی جائے، حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں مزید بہتری آئے گی۔ بتایاگیا کہ حج 2023 کے انتظامات ہر لحاظ سے مثالی رہے،سخت موسم اور رش کے باوجود حج انتظامات کی تعریف کی گئی،حج اخراجات میں بچت کی رقوم حجاج کرام کو واپس کی گئیں،لانگ ٹرم حج پالیسی لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حج 2024 کیلئے درخواستیں جلد طلب کرنے پر غور کیا گیا ،آئندہ سالوں کیلئے عازمین حج کو اقساط میں رقم جمع کرانے کی تجویز دی گئی ۔بتایاگیاکہ تاریخ میں پہلی بار 12 ارب روپیہ حجاج کو واپس کی گئی۔ دریں اثناءوزیر مذہبی امور انیق احمد نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی جس میں وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی سربراہی میں سعودی وفد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ہفتہ کو ہونے والی ملاقات میں سعودی ڈپٹی منسٹر ڈاکٹر حسن مناخرہ، سیکرٹری مذہبی امور، ڈی جی حج بھی شریک تھے ۔وزیر حج ڈاکٹر توفیق الربیعہ کی سربراہی میں سعودی وفد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر مذہبی امور نے کہاکہ سعودی وفد کا دورہ پاکستان تاریخی اہمیت کا حامل ہو گا۔وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہاکہ سعودی وزیر حج مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے چیئرمین ہونے کی وجہ سے انتہائی محترم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ سعودی وفد سے حج، عمرہ، روٹ مکہ، مذہبی سیاحت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔انیق احمد نے کہاکہ آئندہ حج انتظامات میں جدت اور بہتری کیلئے ایم او یو سائن کئے جائیں گے۔ سعودی سفیر نے کہاکہ سعودی شاہ سلمان کیلئے پاکستان نہایت اہمیت کا حامل ہے،کراو¿ن پرنس محمد بن سلمان نے خود کو پاکستان کا سفیر قرار دیا تھا۔ سعودی سفیر نے کہاکہ پاکستان دوسرا گھر ہے، پاکستانی بھائیوں کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
حج پالیسی کی جلد منظوری سے انتظامات میں بہتری آئےگی: انیق احمد

















