اسلام آباد ہائیکورٹ، چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد (مشرق نیوز) توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل 22 اگست کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر ہوگئی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے آئندہ ہفتے کی کازلسٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کر کے رہائی کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔ عدالت نے فریقین کو آئندہ سماعت کیلئے نوٹس جاری کر رکھے ہیں اور ٹرائل کورٹ سے کیس کا تمام ریکارڈ بھی طلب کر رکھا ہے۔

واضح رہے 5 اگست کو اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ توشہ خانہ کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد اسی دن پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا تھا اور اس وقت وہ اٹک جیل میں قید ہیں۔