اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن نے عدالتی اصلاحات بل پر فیصلہ پارلیمنٹ کی توہین قرار دیدیا،سپریم کورٹ کی جانب سے نظرثانی کی درخواست کے دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق ریویو آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ 2023 کو آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم کرنے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے فیصلے کا مسلم لیگ(ن)کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی پر کوئی اثر نہیں پڑےگا،انہوں نے کہا یہ اچھی روایت نہیں ہے عدالتیں بار بار پارلیمنٹ کے کام میں مداخلت کریں اور ایسے فیصلے دیں جس سے اس کی آزادی کو نقصان پہنچے۔ان سے پوچھا گیاکہ کیا یہ فیصلہ نواز شریف کی متوقع واپسی میں تاخیر کا سبب بن سکتا ہے تو اعظم نذیر تارڑ نے جواب دیا کہ ہرگز نہیں۔الیکشنز ایکٹ میں کی گئی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوںنے کہاکہ یہ متفقہ طور پر منظور شدہ قانون سازی کی طرح ہے، ترمیم نے اراکین اسمبلی کی نااہلی کو پانچ سال تک محدود کر دیا ہے۔سابق وزیر نے دلیل دی کہ نااہلی کی مدت میں توسیع کسی شخص کے سیاست میں حصہ لینے کے بنیادی حقوق کو متاثر کرے گی کیونکہ سیاست میں حصہ لینا، عوام میں جانا، عوام سے ووٹ مانگنا بنیادی حقوق ہیں۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نواز شریف اور دیگر وہ افراد جو صرف آرٹیکل 184(3)کے تحت مقدمات میں نااہل ہوئے،اب پانچ سال بعد الیکشنز ایکٹ کے آرٹیکل 232کے تحت انتخابات میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔انہوںنے کہاکہ الیکشن ایکٹ ترمیمی بل ہنگامہ آرائی کے درمیان سینیٹ سے منظور ہوا تھا۔ انہوں نے انہوںنے کہاکہ یہ قانون مخصوص شخصیات کےلئے خاص نہیں تھا،صرف میاں نواز شریف صاحب کےلئے نہیں بلکہ بہت سے دوسرے لوگوں کے فائدے کےلئے تھا تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ اس لیے اس فیصلے کا نواز شریف صاحب کے کیسز پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔سابق وزیر نے روشنی ڈالی کہ فیصلے کے وقت نے ایک تاثر پیدا کیا کہ اس پیش رفت کو پارلیمنٹ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھانا سمجھا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلے کا اعلان قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد کیا گیا، یعنی قانون کو واپس نہیں بھیجا جا سکتااور پارلیمنٹ فوری طور پر اسے دوبارہ نافذ نہیں کر سکتی۔ان کے علاوہ مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے فیصلے پر رد عمل میں کہاکہ ریویو ایکٹ 2023کا محفوظ شدہ فیصلہ سنانے کےلئے صرف اس لے53دن انتظار کیا گیاکہ قومی اسمبلی تحلیل ہو جائے۔سماجی رابطے کی ویب پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عدالتی فیصلے واردات بن جائیں تو پاکستان کی عدلیہ کا عالمی انڈیکس میں 130ویں نمبر پر آنا حیرت کی بات نہیں۔ادھر سابق وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ قانون سازی پارلیمان کا اختیار ہے، اس میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ جو بینچ فیصلہ کرے وہی ریویو سنے کا اصول انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔انہوںنے کہاکہ بنچز کی تشکیل کےلئے فرد واحدکے اختیار نے عدل کو بارہا پامال کیا، فیصلے کا ریویو آئندہ پارلیمنٹ ہی میں ہوگا۔سابق وزیر میاں جوید لطیف نے کہاکہ رویو آف ججمنٹ ایکٹ کو غیر آئینی اور کالعدم قرار دینا پارلیمنٹ کی توہین ہے،اس طرح کے سب فیصلے منصوبہ بندی سے مخصوص بینچ سے ہی آتے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے رد عمل میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف کی واپسی سے کچھ لوگ اتنے خوفزدہ ہیں کہ نوازشریف کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور بارودی سرنگیں بچھانے کا سلسلہ رکنے کے بجائے تیز ہورہا ہے۔
فیصلہ پارلیمنٹ کی توہین، ردعمل ضرور آئیگا،نواز شریف کے کیس پر کوئی اثر نہیں پڑیگا: مسلم لیگ (ن)

















