گوجرانوالہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیرتوانائی انجینئر خرم دستگیر خاںنے کہا ہے کہ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں گیپکو کی کارکردگی بہترین ہے جس کا سہرا بی او ڈی اور گیپکو انتظامیہ کے سر ہے تاہم کامیابی کے اس معیار کو برقرار رکھنے کےلئے تمام افسران و کارکنان کو اپنی پوری توانائی سے مزید کام کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاور سیکٹر نہایت مشکل حالات میں ملا تھا ہم نے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا اور اللہ کا شکر ہے کہ آج حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران اور افسران کے ساتھ گیپکو ہیڈ کوارٹر میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیئرمین گیپکو بورڈ آف دائریکٹرز شعیب بٹ، چیف ایگزیکٹو انجینئر ایوب، ممبرز گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرزعاطف فرید صابرخاں، حافظ فہد شکور، رانا فرحان معظم،انجم سہیل بٹ،جنرل منیجرز مظہر نوید، رانا اشتیاق احمد، ڈی جی ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل لرحمن، چیف انجینئرز معظم فضل، امتیاز چیمہ، عاشق جٹ ، چیف لاءآفیسر عنصر محمود شیخ و دیگر افسران نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں نے کہا کہ پچھلی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ پاکستان کے کروڑوں عوام کو بھگتنا پڑ اہے تاہم وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں دن رات کام کر کے ہم نے بجلی کے مسائل پر کافی حد تک قابو پالیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے عملی اقدامات کئے،بجلی کی پیداوار بڑھانے اور محکمہ کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے ہنگامی اقدامات اُٹھائے جس سے کافی حد تک ملک میں بجلی بحرانوں پر قابو پانے میں مدد ملی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین گیپکو بورڈ آف دائریکٹرز شعیب بٹ نے کہا کہ گیپکو کوملک کی بہترین ڈسٹری بیوشن کمپنی بنانے کے پیچھے وفاقی وزیر توانائی کی ذاتی دلچسپی، رہنمائی اور بھرپور حوصلہ افزائی کارفرما ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں کی کہنہ مشق قیادت میں گیپکو نے جو ترقیاتی کام کئے اور کامیابیاں حاصل کیں اس وقت ان کا احاطہ کرنا ممکن نہیں ہے، آپ کی نیک نیتی، معاملہ فہمی اور کہنہ مشق قیادت نے نا صرف پاور سیکٹر کو اس کرائسز سے نکالا بلکہ اسے بہتری کی پٹری پر بھی چڑھا دیا ہے۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ محض چند ماہ کے دور اقتدار میں لڑکھراتے گرتے پاور سیکٹر کو اپنے قدموں پر کھڑا کرنے پر میں انجینئر خرم دستگیر خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئر خرم دستگیر خاں کے دور اقتدار میں گیپکومیں جتنے پراجیکٹ اور ترقیاتی کام مکمل کئے گئے ہیں اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی جس کا تمام تر کریڈٹ وفاقی وزیر بصیرت اور مستقبل بینی کے وژن کو جاتا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خاں کو چیئرمین گیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز شعیب بٹ اور چیف ایگزیکٹو انجینئر ایوب نے گیپکو انتظامیہ کی طرف سے خصوصی یادگاری شیلڈیں بھی دی۔
پچھلی حکومت کی ناقص پالیسیوں کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ ا:خرم دستگیرخاں

















