لاہور (اپنے نمائندے سے) مسلم لیگ (ق) کے چیف آرگنائزر چوہدری سرور نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں قرآن مجید کی بے حرمتی اور نبی کریم حضرت محمد کی شان میں گستاخی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، دانستہ طور پر اٹھائے جانے والے اس طرح کے اقدامات عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے ،ایسے معاملات کی روک تھام کےلئے موثر پلیٹ فارم پررجوع کیا جائے گا جس کےلئے نامور قانونی ماہرین کی مشاورت سے پیشرفت شروع کر دی گئی ہے ۔ مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور نوجوانوں کو آگے لایا جائےگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے مسلم لیگ (ق) لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان کے ہمراہ گلاسکو میں پارٹی رہنماﺅں، مختلف شعبوں میں فرائض سر انجام دینے والے پاکستانی کمیونٹی کے افراد اور قانونی ماہرین سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چوہدری سرور کو بتایا گیا کہ 26اگست کو گلاسکو میں قرآن مجید اور دیگر الہامی کتابوں کے احترام کیلئے ریلی نکالی جائے گی ۔چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ق) چوہدری سرور نے کہا کہ اسلام امن ، محبت اور رواداری کا درس دیتا ہے لیکن بد قسمتی سے کچھ ناعاقبت اندیش آزادی اظہار رائے کی آڑ میں دنیا بھر میں بسنے والے اربوں مسلمانوں کے جذبات کو اشتعال دلاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) سیاسی میدان میں ایک حقیقت ہے ،چوہدری شجاعت حسین نے ملک میں ہمیشہ رواداری کی سیاست کو فروغ دیا ہے ۔ ندیم پہلوان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ ملک کے موجودہ حالات میں اپنا کلیدی کردار اد ا کریں زیادہ سے زیادہ ترسیلات بھجوائیں ،سرمایہ کاری پر توجہ دی جائے تاکہ پاکستان کی معیشت کو سہارا مل سکے ۔ انہوںنے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے بہت سی قابل عمل تجاویز دی گئی ہیں جنہیں آگے بڑھانے کیلئے حکمت عملی مرتب کی جائےگی۔
قرآن کی بے حرمتی ، نبی کریم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جا سکتی :چوہدری سرور

















