بھارت ظالمانہ طریقے سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تا دیر نہیں دبا سکتا،کمشنر ساہیوال

ساہیوال(چوہدری اشرف سے)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ بھارت ظالمانہ طریقے سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی تا دیر نہیں دبا سکتا اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو ان کا جائز حق ملے گا اور وہ اپنی مرضی سے پاکستان یا بھارت کے ساتھ شامل ہونے کا فیصلہ کریں گے۔ اقوام عالم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور بھارت کو روزانہ نہتے کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم سے روکنے میں اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ انہوں نے یہ بات یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام مجید امجد ھال میں ایک سیمینار باعنوان ’شہداءوطن اور پاکستان کی بقا‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر احمد حسن، پروفیسر ارجمند قریشی، موٹیویشنل سپیکر ذیشان نبی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز الیاس اکبر سگھلہ اور وسیم اکرم جوئیہ سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہے اور بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔ موٹیویشنل سپیکر ذیشان نبی نے شرکاءپر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے حلقہ احباب میں کشمیریوں کی جدوجہد بارے آگہی پیدا کریں اور اپنے نظریے کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا عزم کریں۔ انہوں نے پاکستان کی بقا اور استحکام میں پاک فوج کی عظیم قربانیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی نے کشمیری شہدا کے بلندی درجات اور کشمیر کی آزادی کی خصوصی دعا بھی کرائی۔ اس پہلے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے واک بھی کی گئی۔

ادھر یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی ظلم و ستم پر مبنی ایک تصویری نمائش لگائی گئی اور عوام کو ان پر ہونے والے بہیمانہ ظلم و ستم کی شدت سے آگہی کے لئے ایک دستاویزی فلم بھی دیکھائی گئی۔

تصویری نمائش کا افتتاح کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر مسعود فریدی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی بھی موجود تھے۔

کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے تصویری نمائش میں گہری دلچسپی لی اور اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ اکیسویں صدی میں بھی کشمیری اپنا حق خودارادیت کا پیدائشی حق حاصل کرنے کے لئے روزانہ ظلم وستم اور بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام عالم کی بے حسی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ان کے ضمیر پر ایک بوجھ قرار دیا اور کہا کہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کو کشمیریوں پر ہونے والے غیر انسانی سلوک کے خلاف بھی آواز اٹھانی چاہیے۔ انہوں نے تصویری نمائش کے انعقاد اور دستاویزی فلم دکھانے پر ساہیوال آرٹس کونسل کی کاوشوں کو سراہا اور ڈائریکٹر ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو کشمیریوں کے لئے پاکستان کی قربانیوں سے آگاہ کرنے کے لئے ایسے پروگرامز کا انعقاد تواتر سے کرتے رہیں۔

علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے زیر تعمیر ہائی سٹریٹ پراسفالٹ سے قبل سیوریج سسٹم کو ٹھیک کرنے کی ہدایت کر دی۔ سڑک کی تعمیر سے پہلے تمام سیوریج لائنوں اور ڈرینز کو صاف کیا جائے اور جہاں نئی لائن ڈالنے کی ضرورت ہے وہاں لائن تبدیل کی جائے تاکہ سڑک کی تعمیر کے بعد بارش کا پانی جمع نہ ہو۔ سٹی مینجر کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، اے سی جنرل علیزہ ریحان، پسپ کے سٹی مینجر محمد اسجد خان، انفراسٹرکچر انجینئر حمزہ چوہان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے ہائی سٹریٹ سے تمام تجاوزات کے فوری مستقل خاتمے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس اہم سڑک کو شہریوں کے لئے ماڈل بنایا جائے گا۔ اجلاس میں سٹی مینجر پسپ محمد اسجد خان نے بتایا کہ سڑک کی ایک سائیڈ پر کارپیٹنگ کا کام اسی ماہ مکمل کر لیا جائے گا۔