مہنگائی کا سونامی تھمنا خواب،23اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ) ملک میں مہنگائی میں اضافے کا رجحان جاری ہے ، حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.30فیصد اضافہ دیکھنے میں آیاہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 29.83 فیصد ریکارڈکی گئی،ملک میں 29ہزار 518روپے سے 44ہزار 175روپے ماہانہ آمدن والوں کیلئے مہنگائی کی شرح 33فیصد رہی ہے جبکہ حالیہ ہفتے ملک میں23اشیائے ضروریہ مہنگی ،7سستی ہوئیں جبکہ 21کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں،وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران دال ماش،دال مسور، آلو ،ٹماٹر، لہسن،انڈے، چینی ،بیف،مٹن،کھلا دودھ،دہی،گڑ،سرخ مرچ پاوڈر اور پٹرولیم مصنوعات سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی 23 اشیا مہنگی ہوئیں جبکہ دال چنا،دال مونگ،چکن،آٹا،ویجی ٹیبل گھی اور سرسوں کے تیل سمیت 7اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی اور21کی قیمتوں میں استحکام رہا،گزشتہ ہفتے ایل پی جی کے 11.67کلو گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 255روپے کا اضافہ ہوا، 200گرام پسی ہوئی مرچ 25روپے مہنگی ہوئیں جبکہ لہسن فی کلو 20روپے مہنگا ہوا،اسی طرح پیاز 3روپے فی کلو،انڈے فی درجن 10روپے مہنگے ہوئے ،باسمتی ٹوٹا چاول کی قیمت میں 5روپے،گڑ کی فی کلو قیمت میں 3روپے کا اضافہ ہوا،گزشتہ ہفتے سرسوں کا تیل 9 روپے سستا ہوا ،برائلر زندہ مرغی فی کلو 6روپے سستی ہوئی،ویجی ٹیبل گھی 3روپے،دال چنا اور دال مونگ ایک ایک روپیہ فی کلو سستی ہوئیں ،حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں28.48فیصد، 17ہزار 733روپے سے 22ہزار 888روپے ماہانہ آمدنی والوں کیلئے 26.47فیصد، 22ہزار 889روپے سے 29ہزار 517آمدنی والے کیلئے 31.69فیصد، 29ہزار 518روپے سے 44ہزار 175روپے آمدنی والے کیلئے 33فیصد جبکہ 44ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 31.40فیصد رہی۔