اسلام آباد(بیورورپورٹ)ہائی پروفائل کمیٹی نے قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں شیڈول و رلڈکپ میں شرکت سکیورٹی گارنٹی سے مشروط کر دی۔
قومی ٹیم کی کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں شرکت کے معاملے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہائی پروفائل کمیٹی کا اجلاس ہوا ، انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ٹیم کی روانگی سے قبل وفد بھارت بھیجنے کی تجویز پر غور کیا گیا،فیصلہ کیا گیا قومی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا اور سکیورٹی گارنٹی ملنے پر ہی ٹیم بھارت جائےگی،ٹیم کی سکیورٹی کا معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے سامنے اٹھانے کابھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی معاملے کو آئی سی سی کیساتھ اٹھائے گا ، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف حکومتی تحفظات سے آئی سی سی کو آگاہ کریں گے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ حکام کی جانب سے ٹیم بھارت بھیجنے کی حمایت کی گئی۔
وزیر مملکت حنا ربانی کھر، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر قانون اعظم نذیر بھی ٹیم بھارت بھیجنے کی حامی نکلے جبکہ وفاقی وزیر احسان مزاری ،قمر زمان کائرہ نے ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا مشورہ دیا،وزارت خارجہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا پاکستان کو آئی سی سی سے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی درخواست کرنی چاہئے۔
بھارت میں شیڈول کرکٹ ورلڈکپ،قومی ٹیم کی شرکت سکیورٹی گارنٹی سے مشروط


















