طعنے ملتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہوں لیکن مجھے فرق نہیں پڑتا: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یار دوست طعنہ دیتے ہیں یہ اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ ذاتی مفاد کیلئے کبھی سپہ سالاروں سے ملاقاتیں نہیں کیں مقصد صرف ایک تھا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ملکر ملک کو آگے لےکر جائیں۔

بارہ کہو بائی پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج سے دس بارہ ماہ پہلے بارہ کہو انڈر پاس منصوبے کا پلان بنایا گیا تھا، پہلے بارہ کہو کا منصوبہ سی ڈے اے کے حوالے کیا، پھر این ایل سی کے حوالے کر دیا گیا، بارہ کہو بائی پاس کے منصوبے کیلئے پہلا چیلنج زمین کا حصول تھا، یہ منصوبہ بہت پہلے مکمل ہونا چاہیے تھا کیونکہ ملک بھر سے آنیوالے سیاحوں کیلئے بارہ کہو سے گزرنا محال تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے بعض اوقات مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، یہ منصوبہ بھی نوازشریف کا وڑن تھا اور ہے لیکن نوازشریف کی حکومت کو بدترین سازش کے ذریعے ہٹایا گیا، جب ہماری حکومت گئی تو ہر منصوبہ رک چکا تھا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اگر سپورٹ نہ کرتے تو یہ کام مکمل نہیں ہوتا، آرمی چیف نے بڑی کمٹمنٹ دکھائی ہے، سیاست کی دشت میں 38 سال گزر گئے ہیں، بہت سے سپہ سالاروں سے ملاقات رہی، حکومت میں بھی اور اپوزیشن میں بھی، ایک ہی مقصد ہوتا تھا کہ ملک ترقی کرے، ادارے مل کر مشاورت کریں۔