پٹرول بم کے آفٹر شاکس،ٹرانسپورٹ،فضائی کرائے مہنگے

لاہور(کامرس رپورٹر،کورٹ رپورٹر،خبر نگار)پٹرول بم کے آفٹر شاکس،ٹرانسپورٹ،فضائی کرائے مہنگے،میٹروبس ، اورنج لائن ٹرین سٹیشنز کی میڈیا کوریج پر فیس عائد کردی گئی۔

ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 10سے 20فیصد تک اضافہ کیا ،لاہور سے دوسرے شہروں کا کرایہ200سے 800روپے تک بڑھا دیا گیا،ٹرانسپورٹرز نے کہاپٹرول کی قیمت میں 20روپے لٹر اضافہ ظلم ہے ، ٹرانسپورٹ کے اخراجات پورا کرنا مشکل ہوگیا ۔

ادھر پی آئی اے سمیت نجی ائیرلائنز نے کرائے بڑھا دئیے،پی آئی اے ،نجی ائیرلائنز ائیر بلیو، سرین اور ائیر سیال نے ایجنٹس کو نیا کرایہ نامہ جاری کردیا، فضائی سفر کے کرایوں میں اضافہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتیں بڑھنے کے بعد کیا گیا، لاہور اورکراچی کا یکطرفہ کرایہ 35 سے 70 ہزار کردیا گیا۔

ائیر لائن حکام نے کہا اضافی رش کی وجہ سے ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں فرق بھی کرایوں میں اضافہ کا سبب ہے،گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کی وجہ سے رش بڑھا، رش معمول پر آتے ہی کرایوں میں کچھ کمی متوقع ہے۔

دریں اثنا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف لاہورہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائرکردی گئی،درخواست میں وفاقی حکومت ،اوگرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ،اظہرصدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیا دنیا بھرمیں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آ رہی ہے،پاکستان میں قیمتوں میں مزید اضافہ کردیا گیا،فیصلہ کالعدم قراردیا جائے۔

دوسری جانب پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے میٹرو بس اوراورنج لائن ٹرین کے سٹیشنز کی میڈیا کوریج پرفیس عائد کردی۔

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے کہا میڈیا کوریج کےلئے فیس ادا کرنا ہوگی، پھراجازت کا فیصلہ ہوگا، اورنج لائن کے 26سٹیشنز پر3کیٹیگریز بنادی گئیں،کیٹیگری اے میں 8سٹیشنز پر2لاکھ 46 ہزار روپے فی سٹیشن کوریج فیس ہوگی، کیٹیگری بی میں شامل 10سٹیشنزپرایک لاکھ 85ہزارروپے فیس عائد کی گئی ،کیٹیگری بی میں شامل8سٹیشنز پرایک لاکھ 24ہزار روپے فیس ہوگی، میٹروبس سروس کی کوریج پر بھی ایک لاکھ 24ہزار روپے دینا ہوں گے۔