اسلام آباد ،لاہور،کراچی،پشاور(بیورورپورٹ،کامرس رپورٹر)عوام پر بڑا ڈرون حملہ،حکومت نے پٹرول،ڈیزل 20روپے لٹر مہنگا کردیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہاپٹرول19.95،ہائی سپیڈ ڈیزل19.90روپے لٹر مہنگا کردیا،نرخ بڑھنے کے بعد ہائی سپیڈ ڈیزل273.40اور پٹرول272.95روپے لٹر ملے گا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا15 دنوں کے دوران عالمی منڈیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوا، عالمی مارکیٹ میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 16 جولائی کو96.26 ڈالرسے بڑھ کر31 جولائی کو 111.46 ڈالرفی بیرل ہوگئی اسی طرح خام تیل کی قیمت 89.14 ڈالرفی بیرل سے 97.39 ڈالرفی بیرل ہوگئی۔
وزیر خزانہ نے کہاقیمتوں کااعلان گزشتہ روز ہونا تھاتاخیراس لئے ہوئی آدھی رات تک اوگرا کےساتھ کام کرتے رہے ،کوشش تھی قیمتوں میں اگرکوئی کمی کی جاسکتی ہے توکی جائے،مشاورت کرنے کے بعد وزیراعظم نے ہدایت دی عوام کوریلیف دینے کیلئے جوکچھ بھی کیاجاسکتاہے کیا جائے۔
اسحاق ڈار نے کہاپوری قوم کومعلوم ہے آئی ایم ایف کےساتھ جس پروگرام پراتفاق ہوااوراگر وہ نہ ہوتا تو حکومت لیوی کی مدمیں کمی کرکے عالمی منڈیوں میں قیمتوں میں اضافے کابوجھ اٹھالیتی اوراضافے کی شرح کم ہوتی،ماضی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ نہ صرف معاہدے سے روگردانی کی بلکہ جاتے جاتے قیمتوں کو کم کیا جس سے ملک کو مشکل صورتحال کاسامنا کرنا پڑا۔
وزیرخزانہ نے کہاموجودہ حالات کے تناظر اورملکی مفاد میں قیمتیں بڑھانے کافیصلہ کیا، حکومت کی خواہش تھی عوام کوجتنا بھی ریلیف دیا جاسکے دیا جائے۔
دریں اثنا تاجروں نے قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا،صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا حکومت جاتے جاتے عوام پر ظلم کے پہاڑ گراتے جارہی ہے،قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ کسی صورت قبول نہیں، حکومت فوری طور پر بجلی ،پٹرول کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لے۔
اجمل بلوچ نے کہا اگر قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیں گے، لگتا ہے حلقوں میں 50،50کروڑ کے فنڈز پٹرول ، بجلی کی قیمتوں سے پورے کئے، خدا کےلئے تمام ترقیاتی فنڈز پر پابندی لگا کر عوام کو ریلیف دیا جائے،اجمل بلوچ نے مزید کہا عوام میں اب ادویات خریدنے کی بھی سکت نہیں رہی، ملک میں معاشی سرگرمیاں ماند پڑ گئیں ،حکمرانوں کو احساس نہیں، ایسا نظام لایا جائے جس میں ایمان دار لوگوں پر مشتمل 10 وزیروں کی کابینہ ہو۔
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چودھری نے کہاحکومت فی الفور بجلی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا ظالمانہ اضافہ واپس لے، واپس نہ لینے کی صورت میں ملک بھر میں احتجاج شروع کریں گے، حکومت مفت بجلی، گیس بند کرنے کی بجائے اپنے مفادات کیلئے دھڑا دھڑ قانون سازی کر رہی ہے، حکمرانوں کی عیاشیاں بڑھ رہی ہیں اور عوام کو 2 وقت کی روٹی کے لالے پڑے ہیں۔
ادھر قومی اسمبلی اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعت ایم کیو ایم نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا،ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی صلاح الدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ملک میں مہنگائی 30 فیصد بڑھ گئی ،لوگ خودکشی پر مجبور ہیں،حکومت کو آئی ایم ایف کے ساتھ کیا گیا وعدہ یاد ہے مگر عوام کیساتھ کیے گئے وعدوں کا کیا ہوگا، پٹرول کی قیمت میں ظالمانہ اضافے کو واپس لیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا حکمران جاتے جاتے عوام پر پٹرول ،بجلی بم گراگئے،پٹرول ، ڈیزل کی قیمت میں 20روپے اضافہ ظلم کی انتہا ہے۔
سراج الحق نے کہا پی ڈی ایم نے مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے لیکن اقتدار میں آکر مہنگائی کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے،عوام کےلئے جینا مشکل ہوگیا،امیر جماعت اسلامی نے کہاحکومت پٹرول کی قیمت میں کم ازکم 100روپے کمی کرے، حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر عوام پر ظلم بند کریں، عوام الیکشن میں ظالموں ،نااہلوں کا احتساب کریں گے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کی جنگ جاری رکھے گی۔
پی ٹی آئی رہنماﺅں حماد اظہر،مونس الٰہی ودیگر نے کہاکدھر گئے روسی تیل کی آمد پر تیل سستا کرنے کے شوبازی دعوے؟ ،اسحاق ڈار نے جاتے جاتے قوم کو ایک اور اذیت ناک جھٹکا دیا ،ظالمانہ فیصلہ فوری واپس لیاجائے۔
دوسری جانب مہنگائی کاطوفان نہ تھما،ایک ماہ میں3.46فیصد اضافے سے مجموعی شرح 28.31فیصد تک جاپہنچی۔
ادارہ شماریات نے اعدادوشمار جاری کردئیے ، ایک سال میںبجلی39.88، آٹا 102.43،چائے 97.26 ، چاول 68.87 ،گندم 66.58 ،آلو 60.66 ،مرغی 58.13اور چینی 56.45 فیصد مہنگی ہوئی،رپورٹ کے مطابق مہنگی اشیامیں گوشت، دالیں، تازہ دودھ، تازہ سبزیاں، کوکنگ آئل اور بیسن ودیگر بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز نے5اور 6اگست کو ملک بھر میں شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کردیا۔
عرفان کھوکھر نے کہامطالبات منظور نہ ہوئے تو ہڑتال کی کال پر ہر صورت عمل ہوگا،عوام کو ایل پی جی50سے 100روپے مہنگی خریدنی پڑ رہی ہے جب تک سپلائی چین بہتر نہیں ہوگی ایل پی جی سرکاری قیمت پرفروخت نہیں ہوسکتی۔
عوام پر بڑا ڈرون حملہ،پٹرول،ڈیزل 20روپے لٹر مہنگا ،تاجروں کاملک گیر ہڑتال کااعلان
















