لاہور (اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمن سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سمیت ممبران قومی اسمبلی اور سابق صوبائی وزرا ءنے ملاقات کی ،ملاقات میں ملک کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر پنجاب سے ملاقات کرنیوالوں میں ممبران قومی اسمبلی پیر عمران شاہ، وحید عالم خان اور سابق صوبائی وزرا ءمنشا اللہ بٹ ، ملک اقبال چنڑ، ملک نعمان لنگڑیال ،کوارڈی نیٹر وزیراعظم بریگیڈئیر(ر) بابر علاﺅ الدین شامل ہیں۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی کاوشوں سے ملک ایک مرتبہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے،ملک میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے، بہتر مستقبل کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات دوبارہ سے استوار ہو رہے ہیں،چینی نائب وزیراعظم کا دورہ پاک چائنہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا عکاس ہے،ملک میں ترقیاتی منصوبوں، موٹر وے، پاور پلانٹس صنعتی زون کے افتتاح ہو رہے ہیں،ملک میں معاشی خوشحالی کے منصوبے سی پیک پر دوبارہ تیز رفتاری کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے، آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں ،شہدا ئے وطن کی بے توقیری کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔
ملک میں معاشی سرگرمیوں کا آغاز ہوچکا، بہتر مستقبل کی طرف جا رہے ہیں:گورنر پنجاب

















