درخواست مسترد،چیئرمین پی ٹی آئی 342 کابیان ریکارڈ کرانے کیلئے طلب

اسلام آباد(بیورورپورٹ)درخواست مسترد،سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو توشہ خانہ فوجداری کیس میں342 کا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے منگل کوذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

سیشن کورٹ اسلام آباد میں توشہ خانہ کیس میں 342 کا بیان ریکارڈ کرنے کا معاملہ ملتوی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،دوران سماعت وکیل الیکشن کمیشن نے کہا 2کیس منتقلی اور 5 اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں، درخواستوں ،اپیلوں کا مقصد سیشن عدالت میں حکم امتناع مانگنا ہے، سپریم کورٹ سے سٹے مانگا لیکن استدعا مسترد کر دی گئی، ہر دائر درخواست کےساتھ سٹے کی استدعا ہے لیکن قانون سب کےلئے یکساں ہے۔

وکیل امجد پرویز نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کا معاملہ ملتوی کرنے کی درخواست پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا موجودہ صورتحال کے مطابق سیشن عدالت ٹرائل جاری رکھ سکتی ہے، ابھی ٹرائل جاری ہے، فیصلہ جاری نہیں ہوا، ٹرائل جاری رکھنے سے نہیں روکا جا سکتا،فرد جرم عائد ہونے پر پہلی بار اعتراض سیشن عدالت میں اٹھایا، ہائیکورٹ جائیں اور مطمئن کریں فرد جرم غلط عائد کی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی نے تو خود الیکشن کمیشن میں اپنے اثاثہ جات درج کرائے۔

سیشن جج ہمایوں دلاور نے ریمارکس دئیے چیئرمین پی ٹی آئی ،وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو صرف مایوس کیا، درخواستوں کا مقصد ٹرائل کو تاخیر کا شکار بنانا ہے،جج نے کہاچیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کے مطابق غیر جانبداری سے ٹرائل نہیں چل رہا لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نے بھی سیشن عدالت پر اعتماد کا اظہار نہیں کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق عاشورہ کی چھٹیوں کے باعث 342 کا بیان نہیں بنایا جا سکا۔

جج نے ریمارکس دئیے چیئرمین پی ٹی آئی اور وکلا کو 342 کا بیان قلمبند کرانے کےلئے کافی وقت دیا گیا، تیسرا دن 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کےلئے تھا، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاءنے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کردی،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے 342 کا بیان ریکارڈ کرانے کےلئے چیئرمین پی ٹی آئی کوذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

ادھر چیئرمین تحریک انصاف نے توشہ خانہ کیس رکوانے کیلئے پھر سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا،سابق وزیراعظم کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں عدالتی دائرہ اختیار پر پہلے فیصلہ ہونا ضروری ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس قابل سماعت قراردینے کےخلاف اپیل پرسماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا جس میں کہا گیارجسٹرار آفس تمام متعلقہ درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کیلئے مقرر کرے۔

چیف جسٹس عامرفاروق کی جانب سے جاری 27 جولائی کی سماعت کے تحریری حکمنامے میں کہا گیا درخواست گزار کے وکیل نے جج کو متعصب قرار دے کر کیس منتقل کرنے کی استدعا کی،ٹرائل کورٹ کے جج سے منسوب فیس بک پوسٹیں عدالت کو دکھائی گئیں،بتایا گیا ٹرائل کورٹ کے جج نے فیس بک پوسٹوں کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ،رجسٹرار آفس فیس بک پوسٹوں کا معاملہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بھیجے،ایف آئی اے تحقیق کر کے آئندہ تاریخ سماعت سے پہلے اپنی رپورٹ جمع کرائے،الیکشن کمیشن بھی معاملے پر آئندہ سماعت پر عدالتی معاونت کرے،کیس کے دائرہ اختیار سے متعلق عدالتی کارروائی کا دوسرا راﺅنڈ ہے۔