خیبر، جنوبی وزیرستان میں فورسز کی کارروائیاں، 3 دہشت گرد ہلاک

خیبر ،راولپنڈی(بیورورپورٹ)ضلع خیبر اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جولائی کو خیبر کے علاقے باغ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر کے علاقے باغ میں سکیورٹی فورسز نے مو¿ثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی۔فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔28 جولائی کو جنوبی وزیرستان کے علاقے گومل زام میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس جاری ہے، علاقہ مکینوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بھرپور تعاون کا اظہار کیا ہے۔