سرکاری سکیم پر حج کرنےوالوں کو 97 ہزار روپے واپس کرنے کا اعلان

اسلام آباد (مشرق نیوز) حج کی سعادت سرکاری سکیم کے تحت حاصل کرنیوالوں کو فی کس 97 ہزار روپے واپس کئے جائیں گے۔ وزارت مذہبی امور کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے حجاج کرام کو مزید 12 ارب روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت حج پر جانے والے ہر حاجی کو 97 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رقوم کی واپسی پیر سے شروع ہو جائےگی۔ منیٰ میں جگہ نہ ملنے اور ٹرین کی سہولت سے مستفید نہ ہونے والے 22 ہزار 600 حاجیوں کو 21ہزار روپے فی کس کے حساب سے اضافی رقم واپس کی جائےگی۔ مدینہ منورہ میں مرکزسے باہر رہائش اختیار کرنیوالے 18 ہزار حاجیوں کو 14 ہزار روپے فی کس کے حساب سے اضافی رقم واپس کی جائےگی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 63 فیصد حجاج کو مدینہ منورہ میں نزدیک ترین رہائش فراہم کی گئی جبکہ 78 فیصد حجاج کو منی عرفات میں مشاعر ٹرین کی سہولت مہیا کی گئی۔ اولڈ منٰی میں 47 فیصد حجاج کو خیمے فراہم کئے گئے۔ حج سے قبل قربانی کی مد میں 55 ہزار روپے واپس کئے گئے۔