اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگران وزیراعظم کیلئے 5 نام شارٹ لسٹ کرلئے گئے، وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کیلئے 5 نام شارٹ لسٹ کرلئے، دونوں جماعتوں نے ملکر نام فائنل کئے، تمام افراد سیاستدان ہیں، مجھے نگران وزیراعظم بننے کیلئے کوئی آفر نہیں ہوئی، شارٹ لسٹ ناموں پر تمام جماعتوں سے مشاورت ہوگی، نگران وزیراعظم کا نام ایک ہفتے میں فائنل ہوجائیگا، حتمی فیصلہ اتحادی جماعتوں کی قیادت کریگی۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ میرے خیال میں 90 دن میں الیکشن ہوں، یہی سوٹ بھی کرتا ہے، ذاتی رائے ہے الیکشن 90 دن سے بھی پہلے ہوں، میرے خیال میں اسمبلیاں وقت سے 2 دن پہلے تحلیل ہوجائیں گی، اسمبلی میں میدان خالی چھوڑا جاتا تو بہت مشکل ہوتی۔
وزیر دفاع نے کہا اسحاق ڈار نے کبھی اپنا نام نگران وزیراعظم کیلئے دیا ہی نہ کسی سٹیج پر خواہش کا اظہار کیا، آصف زرداری پر اعتبار نہ کرنے کا بیان میرا ذاتی تھا، اب بھی سابق صدر سے احتیاط کرتا ہوں۔
ادھر وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا یہ کہنا درست نہیں کہ نگراں وزیر اعظم کےلئے اسحاق ڈار کا نام آیا اور مسترد ہوگیا، اسحاق ڈار کا نام کسی نے پیش نہیں کیا۔
دوسری جانب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد نے کہا ہے کہ ہرگز انتخابات کے التواءکے حق میں نہیں، مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، نگران سیٹ اپ پر غیررسمی بات چیت شروع ہوگئی، دیکھا اور سنا ہے شہبازشریف بہتر منتظم ہیں لیکن نوازشریف بحیثیت وزیراعظم شہبازشریف سے بہتر ہیں۔ پی ڈی ایم و حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوںکی قیادت نے اتفاق رائے سے گورنر خیبرپختوا حاجی غلام علی کا تقرر کیا ، کوئی اعتراضات یا تحفظات ہیں تو میڈیا میں بات کرنے کی بجائے متعلقہ پلیٹ فارم پر بات کی جائے کیونکہ جس پلیٹ فارم سے وہ گورنر بنے ہیں وہی آئندہ کا فیصلہ بھی کرےگا۔
نگران وزیراعظم کیلئے 5 نام شارٹ لسٹ،ایک ہفتے میں حتمی فیصلہ ہوجائےگا،خواجہ آصف
















