دشمن بلوچستان میں ترقی و سیاسی استحکام نہیں چاہتے، وزیراعظم

گوادر (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ دشمن ممالک بلوچستان میں ترقی و سیاسی استحکام نہیں چاہتے، آئی ایم ایف معاہدے پر چین، سعودی عرب نے بہت تعاون کیا۔

پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل گیا۔ چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر نے برے وقت میں بغیر کسی شرط ساتھ دیا، اپنے خیرخواہوں کا احساس کرنا فرض ہے، چینی باشندوں کی حفاظت اپنے بچوں کی طرح کرنی چاہئے، سرمایہ کاروں کی حفاظت نہیں کریں گے تو پھر سرمایہ کاری کیلئے کوئی نہیں آئےگا، جب تک چاروں صوبے یکساں ترقی نہیں کریں گے ملک آگے نہیں بڑھے گا، ریکوڈک کیس میں اربوں جھونک دئیے گئے لیکن عوام کو دمڑی کا فائدہ نہیں ہوا۔

گوادر بزنس سینٹر میں مستحق ماہی گیروں میں امدادی چیکس، گوادر یونیورسٹی کے ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا بے بہا وسائل سے مالامال بلوچستان بہادر، دلیر بلوچوں، پختونوں، براہوی و دیگر اقوام کا صوبہ ہے، اسے یکسر بھلا دیا گیا، نوازشریف دور میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بہت کام ہوئے، ماضی کی حکومت نے منصوبوں کو التوا کا شکار کیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ سیلاب آیا تو بلوچستان کے چپے چپے کا دورہ کیا، وفاق نے صوبے کے سیلاب متاثرین کو فی کس 25 ہزار امداد دی، بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت شفاف طریقے سے پیسے دئیے گئے، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق مقامی لوگوں کا ہے، ریکوڈک کے جھگڑے پر پاکستان کے اربوں روپے لگ گئے، ریکوڈک کیس میں اربوں جھونک دیئے گئے لیکن عوام کو دمڑی کا فائدہ نہیں ہوا۔

وزیراعظم نے کہا گوادر کے شہریوں کو صاف پانی و علاج کی سہولیات ملنی چاہئیں، گوادر پورٹ بن گیا مگر جہاز نہ ہونے کے برابر تھے، گوادر کا شمار دنیا کے گہرے ترین سمندروں میں شمار ہوتا ہے، گوادر میں بڑے سے بڑے وزنی جہاز آسکتے ہیں، بلوچستان میں دوست ممالک کو ساتھ لیکر چلنا ہوگا، صوبے میں سرمایہ کاری دوست ممالک سے آنی ہے، سرمایہ کاری کرنےوالوں کی حفاظت فرض ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ اگر سرمایہ کاروں کی حفاظت نہیں کریں گے تو پھر سرمایہ کاری کیلئے کوئی نہیں آئےگا، پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں بلوچستان میں سیاسی استحکام نہ آئے، 4 سالوں میں ایک لاکھ ٹن سامان گوادر پورٹ پر آیا، 15 ماہ میں 6 لاکھ ٹن سامان گوادر پورٹ پر آچکا، پورٹ پر جہاز آئیں گے تو فائدہ گوادر کے عوام کو ہوگا، سابق حکومت کو بلوچستان کی ترقی گوارہ نہیں تھی۔

وزیراعظم نے کہا بلوچستان پیچھے رہ گیا، ترقی کی دوڑ میں آگے لیکر جانا ہے، بلوچستان کے طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ کا کوٹہ 14 فیصد رکھا گیا، اگلے سال بلوچستان کے طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ کوٹہ 18 فیصد کرنے کا اعلان کرتا ہوں، گوادر میں صاف پانی کا منصوبہ 2015 سے کھٹائی میں پڑا تھا، نوازشریف دور میں صاف پانی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، پانی کا منصوبہ دوبارہ شروع کررہے ہیں، 2015 کے بعد گوادر کے سمندر کی صفائی نہیں کی گئی، ہنگامی بنیادوں پر گوادر بندرگاہ کی صفائی کا عمل شروع کیا، 4 سال مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، ماضی کی حکومت نے گوادر میں برآمدی زون کی تعمیر میں انتہائی غفلت برتی، گزشتہ حکومت میں لیپ ٹاپ کی بجائے انڈے، کٹوں کی باتیں ہوئیں، لیپ ٹاپ منصوبے کا دوبارہ آغاز کیا۔

شہبازشریف نے کہا چین نے مدد کے دوران کوئی شرط نہیں رکھی، دوست وہی ہوتا ہے جو مشکل وقت میں کام آئے، چینی بینک نے قرضے کو دوبارہ رول اوور کردیا، ایران نے گوادر کو 100 میگاواٹ بجلی ہنگامی بنیادوں پر فراہم کی، مخلوط حکومت نے گوادر کیلئے بے پناہ کام کیا، گوادر سے پاکستان کی معاشی ترقی کا ایک اور دور شروع ہوگا، مستقبل میں گوادر دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی بندرگاہ بنے گی۔

بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے واضح کیا بلوچستان کی دوسرے صوبوں کے ہم پلہ ترقی ناگزیر ہے، بلوچستان، گوادر کیلئے شروع کئے گئے منصوبوں پر 4 سال کے دوران مجرمانہ غفلت برتی گئی، پی ڈی ایم حکومت نے 16 ماہ کے دوران مشکلات کے باوجود منصوبوں پر کام دوبارہ شروع کرایا ،گوادر سے پاکستان کی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، گوادر پاکستان کی ہی نہیں، دنیا کی تیزی سے ترقی کرتی اہم ترین بندرگاہ بنے گی، بلوچستان، گوادر کے عوام سمیت پورے پاکستان کو فائدہ ہوگا، دیگر ممالک سے روابط کو مزید فروغ حاصل ہو گا،لیپ ٹاپ کا ایک ہی معیار میرٹ ہے سفارش اور اقربا پروری نہیں، تعلیم و تربیت نوجوانوں کا بہترین ہتھیار ہوتا ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے گوادر میں چائنہ ایکسپو سینٹر، متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کیا۔ بسیمہ خضدار روڈ، آواران، جھلجاو روڈ، نیوگوادر انٹرنیشنل ائرپورٹ اور 132 کے وی کی پنجگور، ناگ، بسیمہ، نل ٹرانسمشن لائن شامل ہیں۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے اپنی ٹوئٹ میں کیپٹن سرور شہید کو جرات و بہادری پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بہادر سپوت نے دشمن کے کشمیر پر جارحانہ قبضے کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ پاکستان کی غیور قوم شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ شہبازشریف نے کہا افواج پاکستان کے جوانوں نے ہمیشہ مادر وطن کے دفاع کو اپنی جانوں پر فوقیت دی۔