معاشی بہتری کیلئے ایف بی آر کو مضبوط بنانا ہوگا،عاصم احمد

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)ان لینڈ ریونیو سروس اسلام آباد، راولپنڈی ریجن کے افسروں نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد کے اعزاز میں الوداعی عشائیہ دیا۔

تقریب میں بورڈ کے ممبران،اسلام آباد،راولپنڈی فیلڈ فارمیشنز کے چیف کمشنرز، انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر اور کسٹمز کے ڈائریکٹر جنرلز، ڈی جی انٹرنل آڈٹ، اسلام آباد،راولپنڈی ریجن کے ان لینڈ ریونیو کے کمشنرز ،افسروں نے شرکت کی۔


مقررین نے عاصم احمد کو شاندار و کامیاب کیریئر پر زبردست خراج تحسین پیش کیا، بورڈ ،فیلڈ فارمیشنز کے سینئر افسروں نے عاصم احمد کی بطور چیئرمین ایف بی آر کامیابیوں کو سراہا، مشکل ترین معاشی حالات میں کاوشوں و متاثر کن قیادت کو طویل کیریئر کا خاصہ سمجھا جاتا ہے۔

شرکانے کہا ایف بی آر نے عاصم احمد کی سربراہی میں مشکل معاشی حالات کے باوجود نہ صرف محصولات کے اہداف حاصل کئے بلکہ پہلے کے حاصل کئے گئے کئی سنگ میل کو بھی بہتر کیا، مقررین نے ایف بی آر کےلئے خدمات ،ملازمین کی بہتری کےلئے کاوشوں کو سراہا۔


چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے اپنے خطاب میں ایف بی آر کے افسروں کی غیرمعمولی کارکردگی کو سراہا جس کے نتیجے میں حکومتی محصولات کی وصولی میں بہتری آئی،انہوں نے بطور ادارہ ایف بی آر کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا صرف مضبوط، متحرک اور وسائل سے بھرپور ایف بی آر ہی ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

عاصم احمد نے ایف بی آر کے افسروں کو اپنے تجربات شیئر کیے اور نوجوان افسروں کو مشورہ دیا وہ پوری صلاحیتوں کے ساتھ کام کریں کیونکہ وہ ملک کا اصل اثاثہ ہیں، آخر میں چیئرمین ایف بی آر کو سوونیئر پیش کیا گیا،تقریب کا اختتام گروپ فوٹو پہ ہوا۔