بھارتی آبی جارحیت سے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب ،درجنوں دیہات زیر آب

لاہور، قصور (بیورورپورٹ،خبر نگار)بھارتی آبی جارحیت سے دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر سیلاب ،درجنوں دیہات زیر آب گئے،پانی کی آمد ایک لاکھ 14 ہزار 260 کیوسک تک جاپہنچی ،اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں دریائے ستلج گنڈا سنگھ والا میں اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے بھکی والا ، مستے کی ، فتح والی ، ماہی والا اور چندا سنگھ کے دیہاتوں میں بھی ریسکیو کیمپس قائم کر دیئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 62118 اور اخراج 62118 ہے، سیلابی پانی سے قصور اور اوکاڑہ سمیت متعدد دیہات زیر آب آگئے،دریائے ستلج میں پاکپتن کے مقام پر درمیانی سطح کے سیلابی ریلے کا الرٹ جاری کر دیا گیا، دریا میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث قریبی آبادیاں خالی کرا لی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ نے کہاسیلابی صورتحال کے ممکنہ اقدامات کیلئے ریلیف کیمپ قائم کر دیئے ، مشینری ،بوٹس کےساتھ ریسکیو عملہ موجود ہے، متعلقہ محکموں کو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر الرٹ رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ۔