پاکستان میں رواں سال مہنگائی اور بٍروزگاری کم ہونے کا امکان ہے: آئی ایم ایف

واشنگٹن (مشرق نیوز) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال 24-2023 میں پاکستان کی معاشی شرح نمو اڑھائی فیصد رہنے جبکہ بیروزگاری ساڑھے 8 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پرآنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال 24-2023 میں معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی جبکہ حکومت نے گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد مثبت رہنے کا دعویٰ کیا تھا۔ اب امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ سال 2024 میں بے روزگاری ساڑھے 8 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پرآجائےگی۔ اس سال اوسط مہنگائی29.6 فیصد سے کم ہو کر 25.9 فیصد پر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ اس سال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے اور پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8 فیصد سے کم ہو کر 74.9 فیصد پر آجائےگا۔ علاوہ ازیں IMF کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس پروگرام پر پوری لگن سے عمل کرنا ہوگا، ماضی میں قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عملدرآمد نہ ہونے سے مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ اپنے بیان میں ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ قرض پروگرام کی پالیسیوں پر عمل نہ ہونے کے باعث پاکستان کے اندرونی و بیرونی مالی ذخائرمیں کمی آئی، پالیسیوں پر تسلسل سے عملدرآمد کے ذریعے عدم توازن دور ہوگا۔ کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ نیا سٹینڈ بائے ارینجمنٹ پروگرام پاکستان کیلئے میکرو اکنامک استحکام لانےکا موقع ہے ایم ڈی آئی ایم ایف نے بجلی کی قیمت اور لاگت میں توازن لانے پر زور دیتے ہوئےکہا کہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے، پاور سیکٹر میں ٹارگٹڈ سبسڈی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ایم ڈی آئی ایم ایف نے بینکنگ سسٹم کی سخت نگرانی اور اداروں کی استعدادکار بہتر بنانے کا مطالبہ کرنے کے ساتھ پالیسی ریٹ میں حالیہ اضافے کا خیر مقدم کیا ہے۔