ملتان (مشرق نیوز) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف ایک روزہ دورے پر وفاقی دار الحکومت سے ملتان پہنچ گئے۔ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے خصوصی طیارے نے ملتان ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔ وزیر اعظم ملتان میں علاج معالجے کی بین الاقوامی سہولتوں سے آراستہ زیر تعمیر نشتر ہسپتال ٹو کا دورہ کریں گے اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیں گے۔ 500 بستروں پر مشتمل اس ہسپتال سے جنوبی پنجاب کے دور دراز علاقوں کے لوگ مستفید ہوں گے، وزیراعظم اس موقع پر خطاب بھی کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف ملتان میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوانوں میں وزیراعظم یوتھ لون سکیم کے تحت چیک تقسیم کریں گے۔ وزیر اعظم یوتھ لون سکیم کے تحت اب تک ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد باصلاحیت نوجوانوں کو 101.6 ارب روپے کے آسان اور کم سود والے قرضہ جات دئیے جا چکے ہیں۔ یہ قرض ان نوجوانوں کو اپنے زرعی و دیگر کاروبار کے حوالے سے با اختیار، خود مختار اور دیگر روزگار پیدا کرنے کے قابل بنا رہے ہیں۔ وزیر اعظم ملتان میں باصلاحیت اور قابل طلبا و طالبات میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت لیپ ٹاپ بھی تقسیم کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے کی تکمیل پر آج ہی واپس روانہ ہو جائیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر ملتان پہنچ گئے


















